دنیا کے کئی ممالک میں اومیکرون بے قابو ہوگیا ہے ۔ تیزی سے پھیل رہا ہے۔ کورونا نئے ویرینٹ اومیکرون کے کیسز کی تعداد لاکھوں میں سامنے آرہی ہے۔ عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ میں مزید ۴؍لاکھ ۴۳؍ ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ فرانس میں سوا لاکھ سے زائد کیسز کے باوجود پابندیاں نہیں لگائی گئی ہیں۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہنوم نئے سال پر عالمی برادری کی مدد سے کورونا کو ہرانے کیلئے پرعزم ہیں۔ برطانیہ میں کی گئی تحقیق کے مطابق ڈیلٹا ویرینٹ کے مقابلے میں اومیکرون ویرینٹ سے متاثر افراد کے اسپتال میں داخل ہونے کا امکان تقریباً ۵۰؍ فیصد کم ہو جاتا ہے۔ اومیکرون سے تحفظ کے لئے ویکسین کی دو خوراک لگوانے والے افراد کا اسپتال میں داخل ہونے کا خطرہ ۶۵؍فیصد کم ہو جاتا ہے۔رپورٹس کے مطابق جانوروں پر کی جانے والی ایک تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ گزشتہ ویرینٹ کے مقابلے اومیکرون پھیپھڑوں کو کم نقصان پہنچ رہا ہے۔ دوسری جانب برطانیہ میں گزشتہ ۲۴؍گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے ایک لاکھ ۶۲؍ ہزار ۵۷۲؍نئے کیسز درج کئے گئے ہیں، اس کے ساتھ ہی اب تک اس وباء سے متاثر افراد کی تعداد بڑھ کر ایک کروڑ ۳۱؍ لاکھ ۵۵۸؍ہو گئی ہے۔ سنیچر کو جاری کردہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسی عرصے کے دوران یہاں اس مہلک وائرس کی وجہ سے۱۵۴؍ مریض ہلاک ہوئے، جس سے اس ملک میں کووڈ۱۹؍کی وجہ سے جان گنوانے والوں کی تعداد ایک لاکھ ۴۸؍ ہزار، ۷۷۸؍ہو گئی ہے۔ اس وقت یہاں کے مختلف اسپتالوں میں ۱۱؍ ہزار ۹۱۸؍کورونا کے مریض داخل ہیں۔ گزشتہ ماہ برطانیہ میں میں اکثر مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا تھا جبکہ گھر سے کام کرنے اور نائٹ کلبز کے علاوہ بڑی تقریبات میں شرکت کیلئے کووڈ پاس کے استعمال کا کہا تھا لیکن حکومت نے فی الحال مزید پابندیاں عائد کرنے سے انکار کیا ہے۔ جنوبی کوریا میں گزشتہ ۲۴؍گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے ۳؍ لاکھ ۸۳۳؍ نئےنئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد بڑھ کر۶؍ لاکھ ۳۹؍ ہزار ۸۳؍ ہوگئی ہے۔اس ہفتے کورونا وباء کو روکنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی وجہ سے اتوار کو۳؍ ہزار ۸۳۳؍نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ سنیچر کو۴ ہزار ۴۱۵؍افراد متاثر ہوئے تھے۔ حال ہی میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ سیول میٹروپولیٹن علاقے میں چھوٹے کلسٹر انفیکشنز کی وجہ سے ہوا۔نئے کیسز میں سے ایک ہزار ۱۲۷؍ افراد سیول کے باشندے ہیں۔ کیونگی صوبے اور مغربی بندرگاہی شہر انچیون میں نئے متاثرہ افراد کی تعداد بالترتیب ایک ہزار ۲۴۴؍ اور ۲۳۱؍ رہی۔نئے کیسز میں بیرون ملک سے آنے والے ۱۵۰؍افراد متاثر پائے گئے ہیں جس کے ساتھ ان کی تعداد ۱۷؍ ہزار ۵۹۵؍ ہوگئی ہے۔اب تک۱۲۰۷؍ افراد کورونا کی نئی شکل اومیکرون سے متاثر پائے گئے ہیں جن میں سے ۶۰۲؍بیرون ملک سے آئے ہیں اور ۶۰۵؍مقامی افراد کے رابطے میں آنے سے متاثر ہوئے ہیں۔ متاثرین کی تعداد گزشتہ روز کے مقابلے ۹۳؍زیادہ ہے۔ اس دوران نیوزی لینڈ کی سرحد پر اومیکرون کے۲؍ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اس ملک میں کورونا کے نئے ویرینٹ کی تعداد بڑھ کر ۹۰؍ہو گئی ہے۔ یہ اطلاع وزارت صحت نے اتوار کو دی۔وزارت نے کہا کہ گزشتہ دو دنوں میں ملک میں کووڈ-۱۹؍کے ۱۳۸؍کیسز درج کئے گئے ہیں۔ متاثرین کے رابطہ میں آنے کے ۱۰۵؍کیسز ہیں اور ۳۳؍غیر ملکی متاثر پائے گئے ہیں۔ نئے متاثرہ کیسز میں سے، آکلینڈ میں سب سے زیادہ ۷۱؍کیسز ریکارڈ کئے گئے، اس کے بعد بے آف پلینٹی میں ۲۲؍،وائیکاٹو میں ۷؍، لیکس کے علاقے میں ۴؍اور ہاکس بے میں ایک کیس سامنے آیا۔ڈیلٹا ویرینٹ سے نیوزی لینڈ میں کورونا سے متاثرین کی تعداد ۱۰؍ ہزار ۹۲۸؍تک پہنچ گئی۔ نیوزی لینڈ کے اسپتالوں میں ۴۳؍کووڈ ۱۹؍مریض ہیں جن میں پانچ آئی سی یو اور ایچ ڈی یو (ہائی ڈیپینڈنسی یونٹ) شامل ہیں۔ ملک میں وبائی مرض کے آغاز سے اب تک کورونا وائرس کے ۱۳؍ ہزار ۸۸۳؍کیسز درج کئے گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ میں تقریبا۹۲؍فیصد لوگ ویکسین لے چکے ہیں۔