سماج وادی پارٹی (ایس پی) کےسربراہ اکھلیش یادو نے اترپردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر اتوار کی صبح لکھنؤ ضلع میں سماج وادی وجے یاترا کے۱۰؍ویں مرحلے کا آغاز کیا ۔ اس دوران انہوں نے دو اسمبلی حلقوں میں منعقدہ عوامی ریلیوں میں بی جے پی کی یوگی اور مودی حکومت پرشدیدتنقید کی۔ سابقہ حکومتوں پر کھیل کی صلاحیتوں کو نظر انداز کرنے کے وزیر اعظم نریندر مودی کے الزامکا جواب دیتے ہوئےسابق وزیر اعلیٰ نےکہا کہ بی جے پی حکومت نے توکھلاڑیوں کے اعزاز بھی بند کردیئے ہیں۔اکھلیش یادو صبح۱۱؍ بجے لکھنؤ کے ایچ سی ایل پہنچےجہاں انہوں نے ایک جلسہ عام سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے صبح ساڑھے۱۱؍ بجے امول ملک پلانٹ کا دورہ بھی کیا۔ بعد ازاں اکھلیش صبح۱۱؍ بج کر ۴۵؍ منٹ پر موہن لال گنج اسمبلی حلقہ کے قاسم پور میں واقع روہتاس میدان میں جلسہ عام سے خطاب کیا۔ جلسہ عام کے بعد وہ پوروانچل ایکسپریس وے پر واقع تھانہ گوسائیں گنج کے مہوراکلاں گاؤں کے بھگوان پرشورام مندر میں منعقد ہ پوجا پروگرام میں شامل ہوئے ۔ اکھلیش یادو نے اتوار کو کہا:’’ اترپردیش میں ایس پی حکومت کے ذریعہ کشتی، ایتھیلٹس، ہاکی اور کرکٹ کے کھلاڑیوں کو دئیے جانے والے’یش بھارتی اعزاز‘ بھی بی جے پی کی یوگی حکومت نے بند کردئیے۔ ایس پی حکومت میں بنائے گئے کھیل انفرااسٹرکچر کو بھی برباد کردیا گیا۔‘‘ انہوں نےپوچھا :’’ بی جےپی بتائے کہ اترپردیش کے کھیل انفراسٹرکچر کے لئے مرکزی حکومت نے کتنا تعاون دیا ہے؟‘‘ ریاست سابق وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم مودی کے الزامات کوجھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے کہا:’’عوام بائیس میں بی جے پی کا’جھوٹ کا کھیل‘بگاڑ دیں گے۔‘‘ یادر ہے کہ مودی نے میرٹھ میں میجر دھیان چند کھیل یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے کہا تھا کہ گزشتہ حکومتوں میں کھیل کے نام پر اترپردیش میں مجرمین اورمافیاؤں کے الگ ہی’کھیل‘چلتے تھے۔ گزشتہ حکومتوں میں خواتین کے محفوظ نہ ہونے کے مودی کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے اکھلیش نے کہا :’’ اترپردیش کے لوگ ہاتھرس سے لے کر اناؤ تک ہو نے والے خاتون ہراسانی کے معاملے کو نہیں بھولیں گے۔بی جے پی کی ذہنیت خاتون مخالف رہی ہے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا:’’گھر پریوار والے ہی بہن، بیٹیوں اور بہوؤں کے احترام کا مطلب سمجھتے ہیں۔ یوپی کی خواتین اسکا جواب ۲۲؍ کے انتخابات میں دیں گی۔‘‘ لکھنؤ کے موہن لال گنج کے قاسم پور روہتاس میدان میں منعقد ہ عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش نے الزام لگایا:’’ بی جے پی ہی میں سب سے زیادہ جرائم پیشہ افراد اور زمین مافیا شامل ہیں۔ سب سے زیادہ مافیا اور مجرم جس پارٹی میں ہیں ، وہ بی جے پی ہی ہے۔‘‘ اکھلیش نے کہا :’’ اعداد وشمار اٹھا کر دیکھ لیجئے تو پتہ چل جائے گا کہ آج کھلے میں مافیا گھوم رہے ہیں تو وہ بی جے پی کی بدولت ہے۔‘‘ انتخابات میں برہمن ووٹروں کو اپنی جانب مائل کرنے کیلئے ایس پی سربراہ نے تھانہ گوسائیں گنج کے مہرا کلاں گاؤں میں بھگوان پرشو رام کے مندر میں پوجا کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا:’’ ایس پی حکومت میں سنسکرت کے فروغ کیلئے۳۰؍کروڑ روپے کا بجٹ طے تھا جسے اب بند کردیا گیا ہے۔ایس پی حکومت بننے پر سنسکرت کالجوں اور ٹیچروں سے متعلق تمام پرانی اسکیموں کو دوبار شروع کیاجائے گا۔‘‘