وزیر اعظم نریندر مودی نے۱۹۷۱ء کی لڑائی میں پاکستان پر جیت کے۵۰؍سال مکمل ہونے پر جمعرات کی صبح قومی جنگی یادگار پر جاکر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ مودی نے ایک سال تک ملک کے مختلف حصوں میں گھمائے جانے کے بعد وار میموریل لائے گئے چار مشعلوں ’اکھنڈ جیوتی‘ کو بھی وہاں نصب کیا۔اس موقع پروزیردفاع راج ناتھ سنگھ اور تینوں افواج کے سربراہان اور کئی سینئر فوجی افسران اور معززین بھی موجود تھے۔
ان تقریبات کا آغاز گزشتہ سال۱۶؍ دسمبر کو پاکستان پر جیت کے۵۰؍ سال مکمل ہونے کی یاد میں ہوا تھا۔ وزیر اعظم نے اس دن نیشنل وار میموریل پر چار سنہری فتح کی مشعلیں روشن کی تھیں، بعد ازاں ان مشعلوں کو کنیا کماری، انڈمان اور نکوبار، جموں و کشمیر، سیاچن، لونگو والہ ، اگرتلہ اور شہداء کے گاؤں میں گھمانے کے بعد قومی جنگی یادگار پر واپس لایا گیا۔ جہاں وزیراعظم نے انہیں یہاں نصب کیا۔
مودی نے جنگی یادگار پر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور بعد میں وہاں رکھے ای-رجسٹر میں اپنا پیغام لکھا۔اس موقع پر وزیر دفاع نے وزیراعظم کو سووینیر بھی پیش کیا۔
۱۹۷۱ء کی جنگ میں پاکستان کو ہندوستان کے ہاتھوں عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اس کے ۹۳؍ہزارسے زائد فوجیوں نے ہتھیار ڈال دیے۔ اس کے ساتھ ہی بنگلہ دیش بھی ایک نئے ملک کے طور پر وجود میں آیا۔ بنگلہ دیش میں اسی فتح کے دن کے موقع پر مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جاتا ہے۔صدر رام ناتھ کووند امسال کلیدی تقریب میں شرکت کے لیے تین روزہ دورے پر بنگلہ دیش میں ہیں۔
نائب صدر نے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا
نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے۱۹۷۱ء کی جنگ میں حصہ لینے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بہادری ملک کے لیے تحریک کا ذریعہ ہے۔ جمعرات کو یہاں وجے دِوَس کے موقع پر جاری کردہ اپنے ایک پیغام میں انہوں نےکہا کہ۱۹۷۱ء کی جنگ کے دوران ہندوستانی مسلح افواج کی حب الوطنی کا دلیرانہ مظاہرہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
نائب صدر نے کہا کہ۵۰؍ سال قبل آج ہی کے دن ۱۹۷۱ء میں پاکستانی فوج نے ہندوستانی فوج کے سامنے ہتھیار ڈال دیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فوج نے ملک کو جنگ میں فیصلہ کن فتح دلائی تھی۔ وجے دِوَس کے اس شاندار موقع پرمیں ہندوستان کی تینوں فوجوں کے تمام فوجیوں کو مبارکباد دیتا ہوں جنہوں نے اس جنگ میں حصہ لیا۔ میں اس جنگ میں شہید ہونے والے بہادر سپاہیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔
’’حکومت اندرا گاندھی کو فراموش کرنا چاہتی ہے‘‘
راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملک ارجن کھڑگے نے کہا ہے کہ ہندوستان کی سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی نے بنگلہ دیش کی آزادی میں اہم کردار ادا کیا تھالیکن مودی حکومت اندرا جی کو فراموش کرنا چاہتی ہے، اس لیے ان کی خدمات کو یاد نہیں کیا جا رہا ہے۔ کھڑگے نے جمعرات کو یہاں وجے چوک میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اندرا گاندھی نے بنگلہ دیش کو آزاد کرانے میں اہم کردار ادا کر کے پاکستان کو سبق سکھایا اور اسی وجہ سے بنگلہ دیش کی حکومت اندرا گاندھی کو ان کے تعاون کے لیے یاد کرتی ہے لیکن ہماری حکومت نے بنگلہ دیش کی آزادی گولڈ ن جوبلی کے موقع سابق وزیراعظم کا نام تک نہیں لیا ۔انہوں نے کہا کہ اندرا گاندھی کی ہمت کی وجہ سے پاکستان کے ۹۵؍ ہزار فوجیوں کو ایک سال تک یرغمال بناکر رکھا۔ اس عظیم تاریخ کو یاد رکھنا آج کی حکومت کا فرض ہے لیکن یہ حکومت کچھ کہنے اور بولنے نہیں دیتی۔