جے پور میں اتوار کو کانگریس کی ’’مہنگائی ہٹاؤ ریلی‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نےہندوتوا وادیوں کو جم کر نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہندو وہ ہے جو کسی سے نہیں ڈرتا، ہر کسی کو ساتھ لے کر چلتا ہے اور ہر مذہب کا احترام کرتا ہے۔‘‘ انہوں نے نشاندہی کی کہ مہاتما گاندھی ہندو تھے جبکہ ان کا قاتل گوڈسے ہندوتوا وادی تھا۔ جے پور میں منعقدہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نوجوان کانگریس لیڈر نے ملک میں پھیلی مہنگائی کیلئے بھی ہندوتوا وادی نظریہ کو ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ اس نظریہ کے حامل افراد کسی بھی قیمت پر اقتدار سے چمٹے رہنا چاہتے ہیں۔ ہندوتوا وادیوں کو اقتدار سے بے دخل کرنے کی ضرورت پر زور راہل گاندھی نےکہا ہے کہ ملک کو تباہ کرنے والے ہندوتوادیوں کو اقتدار سے باہر نکالنا ہوگا ۔ جے پور میں کانگریس کی ریلی میں امڈنے والی بھیڑ بھی موضوع بحث بن گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر بطور خاص تصاویر شیئر کرکےنشاندہی کی گئی ہے کہ ریلی میں کیسا جم غفیر امڈآیاتھا۔ بتایا جارہاہے کہ مہنگائی کے خلاف ہونےوا لی ا س ریلی میں راجستھان کے علاوہ بیرون ریاست سے بھی کانگریس کے کارکن پہنچے تھے۔
ہندوتوا وادی کار استہ ’’ستّا گرہ‘‘ ہے، ستیہ گرہ نہیں: راہل
راہل گاندھی نے کہا کہ مہنگائی سمیت تمام مسائل کی ذمہ دار ہندوتواوادیوں کی حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوتووادی اقتدار کے لئے کسی کو بھی مار کاٹ سکتا ہے۔ اس کا راستہ ’ستاگرہ‘ ہے ستیہ گرہ نہیں۔ہندو سچائی کی راہ پر چلتا ہے ،مہاتما گاندھی بھی سچائی کا راستہ تلاش کرتے رہے۔جن کے سینے پر ہندوتووادی گوڈسے نے ۳؍گولیاں چلائیں۔انہوں نے کہا کہ رامائن، مہابھارت میں کہیں بھی غریب کو مارنے یا کمزوروں کو دبانے کے بارے میں نہیں لکھا گیا۔گیتا میں بھی شری کرشنا نے ارجن سے اپنے بھائیوں کو اقتدار کیلئے مارنے کونہیں کہا تھا بلکہ سچائی کے لیے لڑنے کی بات کہی تھی۔ انہوں نے ملک کے حالات پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ’’مودی جی اوران کے تین چار سرمایہ دار دوستوں نے ملک کو تباہ کردیا ہے۔‘‘
ملک میں بیروزگاری حکومت کی پالیسی کا نتیجہ
کورونا دور کا ذکر کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے تھالی بجاؤ ، لائٹ جلاؤ کا نعرہ دے کر لوگوں کو مرنے کے لئے چھوڑ دیا ۔ آج بیروزگاری۶۰؍ سال میں سب سے زیادہ ہے کیونکہ چھوٹے دکاندار اور روزگار دینے والی چھوٹی صنعتیں ختم کر دی گئی ہیں۔مہنگائی پر انہوں نے کہا کہ’’ نریندر مودی نے’اچھے دن‘ کا وعدہ کیا تھا لیکن لگتا ہے کہ یہ صرف’ہم دو ہمارے دو‘ کے لیےہی تھا۔ راہل گاندھی نے گیس سلنڈر کی قیمت میں۱۱۷؍ فیصد کے اضافے اور پیٹرول کی قیمت۷۰؍ سے۱۰۰؍ روپے ہوجانے کا حوالہ دیا۔