تمل ناڈو کے کنور میں گر کر تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر میں سوار سی ڈی ایس جنرل بپن راوت ، ان کی اہلیہ مدھو لیکا راوت اور دیگر افسران کے جسد خاکی دہلی لائے گئےہیں جہاں انہیں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا اور ساتھ ہی عوام کےلئے آخری دیدار کے لئے رکھا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ تمام۱۳؍لاشوںکو فضائیہ کےسی ۱۱۰؍سپر ہرکولیس ٹرانسپورٹ طیارےکے ذریعے سولور سے دہلی لایا گیا۔ فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل وی آر چودھری پہلے ہی سولورسے دہلی کیلئےروانہ ہو چکے ہیں۔ اس دوران جنرل راوت، ان کی اہلیہ اور بریگیڈیئر ایل ایس لڈر سمیت چار لاشوں کی شناخت کر لی گئی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر مملکت برائے دفاع اجے بھٹ اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال نے پالم ٹیکنیکل ایریا میں انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔
تمل ناڈو میں خراج عقیدت
اس سے قبل قومی پرچم میں لپٹے جنرل راوت، ان کی اہلیہ مدھولیکا راوت اور دیگر۱۱؍ افراد کے جسد خاکی کو پھولوں سےسجی فوجی گاڑی سے آرمی کالج کے کیمپس میں رکھا گیا ہے تاکہ لوگ ان کاآخری دیدار کرسکیں۔ اس کے بعد جسد خاکی کو سولورہوائی اڈے پر لے جایا گیا جہاں سے انہیں ایئر فورس کے خصوصی طیارے کے ذریعے آخری رسومات کے لئے نئی دہلی لایا گیا۔ یہاں پر بھی ان کے جسد خاکی کو آخری دیدار کے لئے رکھا جائے گا۔
فضائیہ کی تفتیشی ٹیم
دوسری طرف ہندوستانی فضائیہ نے جنرل بپن راوت کے ہیلی کاپٹر حادثے کی تحقیقات کے لیے تینوں افواج کی ایک مشترکہ تحقیقات کاحکم دیاہے، جس کی سربراہی ایئر مارشل مانوندر سنگھ کریں گےجو فضائیہ کے ٹریننگ کمان کے آفیسرکمانڈنگ ان چیف ہیں۔ یہ تفتیشی ٹیم مقررہ مدت میں اپنی تحقیقات مکمل کرے گی او ررپورٹ سونپے گی ۔
راجناتھ سنگھ کا بیان
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے تمل ناڈو کے کنور میں ہیلی کاپٹر حادثے پر جمعرات کو لوک سبھا اورراجیہ سبھا میں اپنے بیان میں یہ جانکاری دی۔ وزیر دفاع نےایوان کی جانب سے جنرل راوت، ان کی اہلیہ مدھولیکا راوت اور دیگر فوجی افسران کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئےان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے دونوں ایوانوں سے کہا کہ، ’’چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل راوت کی آخری رسومات پورے فوجی اعزاز کے ساتھ کی جائیں گی۔ حادثے کی تحقیقات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فضائیہ نے واقعہ کے سلسلے میں ایئر مارشل مانوندر سنگھ، ایئر آفیسر کمانڈنگ ان چیف، ٹریننگ کمانڈ کی سربراہی میں واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔اپنے بیان میں، وزیر دفاع نے کہا کہ یہ انتہائی دکھ کی بات ہے کہ میں آپ کو ۸؍دسمبر کی سہ پہر فوجی ہیلی کاپٹر کے حادثے کی افسوسناک خبر پہنچانے کے لیے آپ کے درمیان کھڑا ہوںجس میں ہندوستان کے اولین چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل راوت ہیلی کاپٹر میں سوار تھے۔
لوک سبھا میں دو منٹ کی خاموشی
ادھر ایوان زیریں لوک سبھاکی کارروائی شروع ہوتے ہی اسپیکر اوم برلا نے بیان دینے کے لیے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا نام پکارا۔بیان کے بعد برلا نے اپنی اور ایوان کی جانب سے جنرل راوت اور اس حادثے میں ہلاک ہونے والےدیگر افراد کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔
بلیک باکس مل گیا
تمل ناڈو کے پہاڑی ضلع نیل گیری میں کنور کے قریب گر کر تباہ ہونے والے ہندوستانی فضائیہ کے ہیلی کاپٹر کا بلیک باکس جمعرات کی صبح مل گیا۔ بدھ کے روز ہونے والے اس ہیلی کاپٹر حادثے میں ملک کےپہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل بپن راوت سمیت ۱۳؍افراد کی موت ہوگئی تھی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر کا بلیک باکس صبح کٹیری میں جائے حادثہ کے قریب ناچاپورچتی رام کے گھنے جنگلاتی علاقے میں پایا گیا۔ سینئر فوجی افسران نے بلیک باکس کو اپنے قبضے میں لے لیا اور اس کے بعد اسے ویلنگٹن کے ڈیفنس سروس اسٹاف کالج لے جا کر وہاں کے افسران کے حوالے کر دیا۔ اس بلیک باکس سے حادثے کی اصل وجہ کے بارے میں معلوم کیا جاسکے گا۔یہ انتہائی اہم سراغ بتایا جارہا ہے۔ تمل ناڈو فورینسک ڈپارٹمنٹ کے اہلکاروں کی ایک ٹیم نےصبح جائے حادثہ کا معائنہ کیا اور جائے وقوع سے باقیات اکٹھا کئے۔