امپھال/نئی دہلی: کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور منی پور کے پارٹی مبصر پردیوت بوردولوئی نے جمعرات کو کہا کہ کانگریس ریاست میں اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے ہم خیال جماعتوں کے ساتھ اتحاد کے لیے تیار ہے اس کے ساتھ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکمراں بی جے پی اس الیکشن میں کامیابی حاصل نہیں کر پائے گی مسٹر بوردولوئی نے بدھ کو یواین آئی کے ساتھ بات چیت میں بتایاکہ ‘ہم بی جے پی کو شکست دینے کے لیے منی پور میں ہم خیال جماعتوں کے ساتھ اتحاد کے لیے تیار ہیں۔ ہمارے دروازے ان کے لیے کھلے ہیں۔‘‘
یہ پوچھے جانے پر کہ پارٹی نے آئندہ انتخابات کے لیے کیا تیاری کی ہے، رکن پارلیمنٹ نے بتایاکہ "منی پور میں کانگریس کی پوزیشن بہت مضبوط ہے کیونکہ ریاست میں پارٹی کی حمایت کی بنیاد بہت مضبوط ہے۔ ہم اسے بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ اگلی حکومت ہماری ہو گی۔
2017 کے اسمبلی انتخابات کو یاد کرتے ہوئے مسٹر بوردولوئی نے کہاکہ "پچھلے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو سب سے زیادہ حمایت ملی تھی، لیکن بدقسمتی سے بی جے پی نے پارٹی کے اراکین اسمبلی کو پارٹی بدلنے پر مجبور کرکے حکومت تشکیل دی تھی۔
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے بیان پر کہ بی جے پی نے 2017 کے اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی طرف سے کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کیا۔ اس پر طنز کرتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہاکہ ’’یہ سچ نہیں ہے۔ وہ صرف کسی نہ کسی طریقے سے چیزوں کا انتظام کر رہے ہیں۔ لوگوں میں کافی بے اطمینانی ہے۔”
واضح رہے کہ اترپردیش، اتراکھنڈ، پنجاب اور گوا کے ساتھ ساتھ منی پور میں اگلے سال کے شروع میں اسمبلی انتخابات ہوں گے۔