ٹیچر اہلیتی ٹیسٹ کے امیدواروں پر لکھنؤ میں گزشتہ رات پولیس کے ذریعے کی جانے والی لاٹھی چارج کی مذمت مایاوتی،پرینکا گاندھی ، راہل گاندھی کے ساتھ ساتھ ورون گاندھی نے بھی سخت الفاظ میںمذمت کی ہے۔ بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے حادثہ کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے احتجاج کرنےوالے امیدواروں کے جائز مطالبات پر غور کرتے ہوئے کوئی ٹھوس فیصلہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اترپردیش کی سابق وزیر اعلیٰ مایاوتی نے اتوار کو ٹوئٹ میں کہا’’یوپی میں ۶۹؍ہزار ٹیچر تقرری کے پرانے اور التوا معاملوں کے سلسلے میں راجدھانی لکھنؤ میں کل رات پُر امن کینڈل مارچ نکالنے والے سیکڑوں نوجوانوں کا پولیس لاٹھی چارج کر کے زخمی کرنا کافی تکلیف دہ اور قابل مذمت ہے۔بی ایس پی کامطالبہ ہے حکومت ان کے جائز مطالبات پر فوراً ہمدردانہ طریقے سے غور کرے۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ اتوار کو ٹی ای ٹی امتحان کاپرچہ افشاں ہونے کے بعد ٹیچروں کی برسوں سے التوا کا شکار تقرریوں کو بحال کرنے کے مطالبے کے سلسلے میں امیدوار لکھنؤ میں دیر شام کینڈل مارچ نکال رہے تھے۔اسی وقت پولیس نے ان پر لاٹھی چارج کر انہیں دھرنا کے مقام چھوڑنے کے لئے مجبور کردیا۔
اہل امیدواروں کے باوجود تقرریاں کیوں نہیں؟:ورون
اترپردیش میں اسمبلی انتخابات کے نزدیک آنے کے ساتھ ہی اپنی ہی پارٹی کی حکومت پر حملے تیز کرتے جارہے بی جےپی ایم پی ورون گاندھی نے لکھنؤ میں ٹیچر تقرری کے امیدواروں پر پولیس لاٹھی چارج کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خالی اسامیوں اور اہل امیدواروں کے باوجود تقرریاں کیوں نہیں کی جارہی ہیں۔حکومت جواب دے۔ورون نے اتوار کو لکھنؤ میں سنیچرکی رات امیدواروں پر لاٹھی چارج کا ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا’’یہ بچے بھی ماں بھارتی کے لال ہیں۔ ان کی بات ماننا تو دور کوئی سننے کو تیار نہیں ہے اس پر بھی ان کے اوپر یہ ظالمانہ لاٹھی چارج۔انہوں نے سوالیہ لہجے میں کہا’’اپنے دل پر ہاتھ رکھ کر سوچئے کیا یہ آپ کے بچے ہوتے تو ان کے ساتھ یہی سلوک ہوتا۔ آپ کے پاس خالی اسامیاں بھی ہیں اور اہل امیدوار بھی تو تقرریاں کیوں نہیں؟۔
یوپی میں نوجوانوں نے روزگار مانگا، لاٹھیاں ملیں: راہل۔پرینکا
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور پارٹی کی اتر پردیش انچارج پرینکا گاندھی واڈرا نے اتوار کو یوگی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بڑے پیمانے پر روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کرنے والی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت سے نوجوانوں نے جب روزگار کا مطالبہ کیا اور کینڈل مارچ کیا تو ان پر لاٹھیاں برسائی گئیں۔ راہل گاندھی نے نوجوانوں پر لاٹھی چارج کو ظلم قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب بی جے پی والے ووٹ مانگنے آئیں گے تو ان نوجوانوں کو یہ واقعہ ضرور یاد ہوگا۔ انہوں نے ٹویٹ کیا ’’اتر پردیش حکومت نے روزگار مانگنے والوں کو لاٹھیاں ماریں۔ جب بی جے پی ووٹ مانگنے آئےتو یاد رکھنا‘‘۔
وہیں پرینکاگاندھی نے کہا ’’ نوجوان ہاتھوں میں موم بتیوں کی روشنی لیکر اپنی آواز بلند کر رہے تھے کہ ’روزگار دو‘ لیکن اندھیرے کی علامت بن چکی یوگی حکومت نے ان نوجوانوں کو لاٹھیاں دیں‘‘۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ بی جے پی حکومت کی لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے ڈر کر خاموش نہ رہیں بلکہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ ساتھیو، چاہے وہ کتنی ہی لاٹھیاں چلائیں، روزگار کے حق کی لڑائی کی لو بجھنے نہ دینا۔ میں اس لڑائی میں آپ کے ساتھ ہوں۔