الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ووٹر لسٹ میں نام درج کرانے کی خصوصی مہم کے دوران سنیچر کو اسپیشل ڈرائیو رکھا گیاتھا تاکہ شہری اپنے قریبی پولنگ سینٹر پر جاکر اس کی تصدیق کرلیں کہ ان کا نام علاقےکی ووٹر لسٹ میں درج ہےیا نہیں۔اس دوران پولنگ مراکزپربوتھ لیول افسر( بی ایل او) کو بھی تعینات کیاگیا تھا لیکن شہریوں کی جانب سے ایک بارپھر عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا گیا۔ممبراسے ۲۵؍ہزار ووٹروں کےنام منسوخ کئے جانےکے بعد یہ توقع کی جارہی تھی کہ یہاں کےپولنگ مراکز پر بڑے پیمانےپرشہری ووٹر لسٹ میںاپنا نام درج کروانے جائیں گےیا کم از کم اس کی تصدیق ضرور کریں گے کہ ان کا نام ان کے علاقےکی ووٹر لسٹ میں موجود ہے یا نہیں لیکن ایسا کچھ نظر نہیں آیابلکہ اکثرمراکز پر سناٹا رہا۔ سنیچر کو ممبرا کے متعدد مراکز کا جائزہ لینے پر پتہ چلاکہ مراکز پر بی ایل او تو ہے لیکن شہری ندارد۔اس سلسلے میں ممبرا بازار میں سینٹ جان اسکول میںسنیچر کو ۵؍خاتون بی ایل او بیٹھی ہوئی تھی اور سب کےپاس ایک ایک ووٹر لسٹ تھی۔ان بی یل او نے بتایا کہ چند افراد فوٹو شناختی کارڈلینےآئے تھے اور متعدد ووٹر اپناکارڈ لے کربھی گئے تھے لیکن ایسا کوئی شہری نہیں آیا جس نے یہ شکایت کی ہو کہ اس کانام پہلے تھا اور اب ووٹر لسٹ سے کاٹ دیا گیا ہے۔
اس مرکز پر موجود ایک ووٹر اپنا اور اپنی بیٹیوں کا کارڈتلاش کر رہا تھا۔ انہوںنے بتایا کہ ممبرا بازار کے سینٹر میں بھی جاکر جانچ کی لیکن وہاں بھی کارڈ نہیں ملا۔ ممبرا کےدو خاندانوں کا کارڈ کلوا الیکشن آفس سے ملا ہے باقی لوگوں کا ابھی تک نہیں ملا۔
ممبرا بازار میں واقع مراٹھی میونسپل اسکول میں موجودبی ایل اونےبتایا کہ دوپہر تک ووٹر لسٹ نمبر ۲۰۸؍ ( عالیشان روڈ کی متعدد عمارتوں کی ووٹر لسٹ) کے ۱۶؍ووٹروں نے الیکشن کارڈو صول کیا ہے۔ البتہ انہوںنےبھی کہا کہ ووٹر لسٹ سے نام خارج ہونے کی شکایت کسی نےنہیں کی ہے البتہ چند نے نیا نام درج کروانے کا فارم ضرور لیا ہے۔ممبراٹریفک پولیس کے مقابل واقع جی آر پاٹل اسکول میںموجود پرشانت سری واستو نے بتایا کہ بی ایل اوکےمطابق ان کےپاس سنجے نگر، سمرتھ نگر،اندرا نگر، اچانک نگر، ٹھاکر پاڑہ اور اطراف کے علاقوں کی ووٹر لسٹ کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ اس ماہ سنیچر اور اتوار کو چلنےوالے اسپیشل ڈرائیو میں اب تک تقریباً ۲۰۰؍ افراد ووٹرلسٹ میں اپنا نام چیک کرنے آ چکے ہیں جبکہ نیا نام درج کرنے کیلئے محض ۸؍ فارم تقسیم کئے گئے ہیں۔ چیف الیکشن آفیسرنےعوام سے درخواست کی ہےکہ وہ اتوار کو منعقد ہونے والےخصوصی ڈرائیو سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کریں۔
ایک دن میں۵۰؍افراد بھی نہیں آتے
اس سلسلے میں نمائندہ انقلاب نےساکی ناکہ خیرانی روڈ کےسینٹ انتھونی اسکول میں واقع پولنگ سینٹرکاجائزہ لیا۔ جہاں اکا دکا نوجوان ووٹر لسٹ میں نام درج کرانے کیلئے فارم وغیرہ لیتےنظر آئے ۔سینٹ انتھونی اسکول میں واقع پولنگ سینٹرپرآن لائن اور آف لائن فارم پر کرنےمیں مدد کرنے والےایک نوجوان نےبتایاکہ’’علاقے کے ایک مقامی لیڈر کے کہنے پر میںروزانہ یہاں سینٹرپر آنے والےشہریوں کے فارم کی نہ صرف نگرانی کرتا ہوں بلکہ ان کے فارم جمع کرنے اوران کی مکمل رہنمائی بھی کرتا ہوں ۔ نوجوان نے کہا کہ علاقے کی تقریباً تمام مساجد میں گزشتہ کئی جمعہ سے اس سلسلے میں اعلانات کئے جارہےہیں ۔ اس کے بعدبھی علاقے کے لوگوں میں ووٹر لسٹ میں نام کے اندراج اور تصحیح کرانے میں کوئی خاص دلچسپی نہیں دکھائی دی ۔ ایک دن میں بمشکل ۵۰؍ افراد فارم لینے اور بھرنے کیلئے آتے ہیں ۔ البتہ نوجوانوں کی جانب سے آن لائن فارم بھی بھرے جاتے ہیں لیکن ان میں سے بہت سےنوجوان ایسے ہوتے ہیں جو آن لائن فارم پُر کرنے کےبعد اس کے دستاویز وغیرہ بھی سینٹر پر جمع کرتےہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ آن لائن فارم بھرنے والوں کی تلاش میں ان کے گھر جاتے ہیں اور ان کے دستاویز حاصل کرتے ہیں ۔
مانووکاس اسکول میں واقع سینٹر کے بی ایل او نے الزام لگایا کہ نوجوانوں کے ذریعہ آن لائن فارم بھر کر ہم لوگوں کو پریشان کیا جارہا ہے۔فارم پر دیئے گئے موبائل فون نمبر غلط ہوتےہیں ۔ فون پر بات چیت نہیں کی جاتی ہے اور کئی فارم کے پتے وغیرہ غلط ہوتے ہیں اور فارم پر درج کئے گئے ایڈریس کی تلاش کی جاتی ہے تو پتہ چلتا ہے کہ اس نام کی کوئی چال یا بلڈنگ ہی نہیں ہے ۔ ساکی ناکہ سینٹ انتھونی سینٹر اور مانو وکاس اسکول سینٹر کے انچارج سدھاکر سوناونے کا کہنا ہے کہ ووٹر لسٹ میں نام اندراج کرنے کیلئے جو بیداری مہم چلائی جارہی ہے۔ اس میں شہریوں کی جانب سے کوئی خاص دلچسپی نظر نہیں آرہی ہے۔
شہری اپنی ذمہ داری محسوس کریں
اندھیری مغرب میںبھی ووٹرلسٹ میں نام درج کرانے کا کام جاری ہےلیکن یہاں بھی اس اہم کام کیلئےعوام کی جانب سےجس ذمہ داری اوردلچسپی کا مظاہرہ کیاجانا چاہئے تھا وہ غائب ہے۔ حالانکہ وقت گزرجانےکےبعدلوگ پریشان ہوتے ہیں لیکن وقت رہتےاس طرح کی مہم سے استفادہ نہیں کرتے۔
اس تعلق وارڈ نمبر ۶۶؍(اندھیری مغرب) کی میونسپل کونسلرمہر محسن حیدر کی جانب سے بھی رواں ماہ سے علاقے میں اس تعلق سےکیمپ لگایا گیا ہے جس میںووٹرلسٹ میں نام درج کرانے کی مہم رضاکارانہ طور پر چلائی جارہی ہے اوربڑی تعداد میںلوگوں نے اس سے استفادہ بھی کیا ہے۔
انہوںنےبھی لوگوں کوآخری تاریخ یاددلاتے ہوئے کہا کہ اپنا نام ووٹر لسٹ میں قبل ازوقت درج کروائیں۔ کوشش کی جارہی ہے کہ ہربالغ شہری اس کیمپ سے ضرور استفادہ کرے اور جن لوگوں کا نام ووٹر لسٹ سے کسی سبب خارج ہو گیا ہے، وہ تصحیح کے ساتھ اس میں اپنا نام درج کروالیں۔