وزیر اعظم مودی کے اعلان کے بعد ٹیکری بارڈر پر مظاہرے میں شامل کسانوں نے ترنگا لہراکر جشن منایا۔(تصویر: پی ٹی آئی )
وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعے تینوں زرعی قوانین واپس لینے کے اعلان کا حکمراں بی جے پی اور اس کی اتحادی جماعتوں نے خیرمقدم کیا ہے جبکہ کانگریس اور اپوزیشن سیاسی جماعتوں نے ان قوانین کی مخالفت کررہے کسانوں کو ان کی تحریک کی کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ ان قوانین کے خلاف تحریک کی قیادت کرنے والے بھارتیہ کسان یونین کے رہنما راکیش ٹکیت نے کہا کہ کسانوں کا احتجاج فوری طور پر واپس نہیں ہوگا۔ انہوں نے ٹویٹ کیا اور کہا کہ تحریک فوری طور پر واپس نہیں لی جائے گی۔ ہم اس دن کا انتظار کریں گے جب پارلیمنٹ میں زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کے لئے قرار داد پیش کی جائے گی اور تمام پارٹیوں کی اکثریت کے ساتھ اسے منظور کیا جائے گا ۔ راکیش ٹکیت کے مطابق حکومت نے یہ فیصلہ تو کرلیا لیکن اب وہ ایم ایس پی کے ساتھ ساتھ کسانوں کے دیگر مسائل پر بھی بات کرے۔ ادھر سنیوکت کسان منچ نے کہا کہ اگر یہ فیصلہ پہلے کیا جاتا تو۷۰۰؍ کے قریب کسانوں کی جانیں ضائع نہیں ہوتیں۔ منچ کے کنوینر ہریش چوہان اور شریک کنوینر سنجے چوہان نے ایک بیان میں کہا کہ حکومت نے بہت بڑی غلطی کی ہے۔حکومت کا یہ فیصلہ تحریک کے ایک سال مکمل ہونے کے بعد کیا گیا ہے، جس سے بی جے پی حکومت کا کسان مخالف چہرہ واضح ہو گیا ہے۔بھارتیہ کسان یونین (بی کے یو) نے زرعی قوانین واپس لینے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ جب تک پارلیمنٹ ان قوانین کو منسوخ نہیں کرتی تب تک احتجاج جاری رہے گا۔اس کے علاوہ بی کے یو نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ ایک سال سے جاری احتجاج کے دوران شہید ہونے والے ۷۰۰؍ کسانوں کو بھی وہی معاوضہ اور سہولتیں فراہم کی جائیں جو فوج کے شہیدوں کو دی جاتی ہیں۔ بی کے آئی یو کے اتر پردیش کے نائب صدر چودھری ونے کمار نے وزیر اعظم کے اعلان کے بعد اپنے ردعمل میں کہا کہ یہ فیصلہ ملک اور کسانوں کے وسیع تر مفاد میں ہے لیکن حقیقت یہی ہے کہ اسمبلی الیکشن میں متوقع ہار کے اندیشے کی وجہ سے ہی انہوں نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ ان کا غرور چکناچور ہوا ہے۔ اس تحریک کی سب سے اچھی بات یہ تھی کہ یہ کبھی پرتشدد نہیں ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے دیر سے ہی سہی کسانوں کے جذبات کو سمجھنے کی کوشش کی ہے۔ اب کسان پہلے کی طرح اپنا احتجاج جاری رکھیں گے اور وزیر اعظم کے اس اعلان کا جشن دہلی کی سرحدوں پر منائیں گے۔