شیوراج سنگھ چوہان کے فیصلے کے نتیجے میں تمام سرکاری اور غیر سرکاری تقریبات بغیر کسی پابندی کے منعقد کی جائیں گی۔ رات کا کرفیو کہیں بھی لاگو نہیں ہوگا۔ یوگا سیشن، سوئمنگ پول اور سنیما تھیٹر جیسی سہولیات معمول کے مطابق کام کریں گے۔ شادیاں اور دیگر تقریبات معمول کے مطابق ہوں گی۔
ایک بڑے فیصلے کے تحت مدھیہ پردیش میں شیوراج سنگھ چوہان عالمی وبا کورونا وائرس (Covid-19) سے متعلق پابندیوں کو کم کرنے کا اعلان کیا جس کا مطلب یہ ہوگا کہ معمول کی سرگرمیاں اور کاروبار بغیر کسی پابندی کے مکمل طور پر ہو سکتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے بھوپال میں سینئر وزرا اور اعلیٰ افسران کے ساتھ منعقدہ جائزہ میٹنگ کے دوران اس کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر عوام پر زور دیا کہ وہ احتیاط برتیں اور کووڈ۔19 کے مناسب رویے پر عمل کرتے رہیں۔ تاہم کانگریس نے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے اسے جلد بازی میں کیا گیا فیصلہ قرار دیا۔ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ محکمہ داخلہ جلد ہی نئی گائیڈ لائنز جاری کرے گا۔ دریں اثنا میٹنگ میں واضح کیا گیا کہ اگرچہ پابندیوں میں ماسک کے استعمال میں نرمی کی جا رہی ہے، لیکن سماجی دوری اور ویکسینیشن کو اولین ترجیح کے طورپر عمل کیا جانا چاہیے۔
شیوراج سنگھ چوہان کے فیصلے کے نتیجے میں تمام سرکاری اور غیر سرکاری تقریبات بغیر کسی پابندی کے منعقد کی جائیں گی۔ رات کا کرفیو کہیں بھی لاگو نہیں ہوگا۔ یوگا سیشن، سوئمنگ پول اور سنیما تھیٹر جیسی سہولیات معمول کے مطابق کام کریں گے۔ شادیاں اور دیگر تقریبات معمول کے مطابق ہوں گی۔ سماجی، سیاسی، کھیل، مذہبی اور تفریحی تقریبات کا بھرپور اہتمام کیا جا سکتا ہے۔ اسکول، کالج، ہاسٹل اور ٹیوٹوریلز معمول کے مطابق چلائے جاسکتے ہیں۔ تمام پیدل جلوس معمول کے مطابق نکالے جائیں گے۔
چوہان نے بھنڈ، کھرگون اور سدھی جیسے اضلاع کی صورتحال کا جائزہ لیا جو ابھی بھی ویکسینیشن کے 85 فیصد ہدف سے کم ہیں۔ ریاست کو 31 دسمبر تک مکمل ویکسینیشن کے ہدف کو پورا کرنے کی ضرورت ہے، چوہان نے سست ویکسینیشن والے اضلاع کو اس عمل کو تیز کرنے کا حکم بھی دیا۔
میٹنگ میں بتایا گیا کہ ریاست نے پہلی خوراک کا 91.6 فیصد اور دوسری خوراک کا 47.3 فیصد پہلے ہی مکمل کر لیا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر نئے کیسز کی تعداد کم ہو کر 20 تا 30 ہو گئی ہے۔ چوہان نے روزانہ 70,000 سے 75,000 کے درمیان نمونے لینے کا حکم دیا ہے۔
چوہان نے سب کو یاد دلایا کہ ایسا کوئی کام نہیں کیا جانا چاہئے جس سے انفیکشن دوبارہ شروع ہو۔ ایم پی سی سی کے سربراہ کمل ناتھ نے کہا کہ حکمراں بی جے پی کے لیے، کوئی پابندی نہیں تھی اور جمبوری میدان میں ایک میگا ایونٹ کے انعقاد کے بعد، اب عوام کے لیے بھی پابندیوں کو نرم کر دیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ جلد بازی میں لیا گیا فیصلہ ہے کیونکہ ملک میں ایکٹو کیسز کی تعداد 1.28 لاکھ ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 10,000 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور ماہرین اب بھی تیسری لہر کے بارے میں خبردار کر رہے ہیں۔