اعظم گڑھ : مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ آج یوپی کے دورے پر اعظم گڑھ پہنچے ، جہاں انہوں نے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے ساتھ مل کر اسٹیٹ یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا ۔ یوپی اسمبلی انتخابات سے پہلے اس دورے میں بھی امت شاہ کے نشانے پر سماجوادی پارٹی اور اس کے سربراہ اکھلیش یادو رہے ۔ اسٹیٹ یونیورسٹی کے سنگ بنیاد کے بعد عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے ایس پی اور پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو پر جم کر نشانہ سادھا ۔ انہوں نے بی جے پی سرکار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یوگی سرکار کی مدت کار میں یوپی کو مافیا سے آزاد کرادیا گیا ہے
اعظم گڑھ میں یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کو لے کر انہوں نے کہا کہ جس اعظم گڑھ کو ایس پی انتظامیہ میں دنیا بھر میں شدت پسندانہ سوچ اور دہشت گرد کی پناہ گاہ کے طور پر جاتا تھا ۔ اسی اعظم گڑھ کی زمین پر آج ماں سرسوتی کا دھام بنانے کا کام ہونے جارہا ہے ۔ ہم نے 2017 میں اپنے انتخابی منشور میں کہا تھا کہ 10 نئی یونیورسٹیاں بنائیں گے ۔ آج ۱۰ یونیورسٹی بنانے کا کام پورا ہوچکا ہے ۔ 40 میڈیکل کالج بنانے کا ہم نے وعدہ کیا تھا ، یہ وعدہ بھی ہم نے پورا کیا ہے ۔
امت شاہ نے کہا کہ میں یوگی آدتیہ ناتھ جی کو ایک مشورہ دینا چاہتا ہوں کہ یوپی کی زمین پر غیر ملکی حملہ آوروں کو کھدیڑنے کا کام مہاراج سہیل دیو جی نے کیا تھا ۔ اگر اس یونیورسٹی کا نام ہم ان کے نام پر رکھتے ہیں تو یہ لوگوں کیلئے بہت بڑا پیغام ہوگا ۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ 2017 سے پہلے اترپردیش ، ملک کی چھٹی معیشت تھی ، آج ملک کی دوسری سب سے بڑی معیشت اترپردیش کی ہے ۔ ریاست کی جی ڈی پی 10,90,000 کروڑ تھی اور آج 21,31,000 کروڑ کرنے کا کام ہوا ہے ۔