ممبئی : مہاراشٹر میں واقع احمد نگر ضلع میں واقع ایک سرکاری اسپتال کے آئی سی یو میں آگ لگنے سے 10 کووڈ پازیٹیو مریضوں کی موت ہوگئی ہے ۔ ضلع کلکٹر راجیندر بھوسلے نے کہا کہ احمد نگر ضلع اسپتال میں آگ لگنے کے واقعہ میں کل 10 لوگوں کی موت ہوگئی ہے ۔ ابتدائی جانکاری کے مطابق آگ لگنے کے وقت آئی سی یو وارڈ میں کل 20 مریضوں کا علاج چل رہا تھا۔ آگ کی اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ کی گاریاں جائے واقعہ پر پہنچیں اور آگ پر قابو پانے میں لگ گئیں ۔ ساتھ ہی اسپتال میں نرسوں ، وارڈ بوائز اور ڈاکٹروں کی مدد سے مریضوں کو منتقل کیا جانے لگا ۔
نیوز لکھے جانے تک آگ کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا ہے ۔ اس واقعہ سے وابستہ کچھ ویڈیوز بھی سامنے آئے ہیں ۔ ایسے ہی ایک ویڈیو میں اسپتال کی نچلی منزل سے دھنواں نکلتا دکھائی دے رہا ہے ۔ وہیں ایک دیگر ویڈیو میں نظر آرہا ہے کہ آگ بجھنے کے بعد کچھ لوگ دھیرے دھیرے وارڈ کے اندر داخل ہورہے ہیں ۔ وارڈ کی دیواریں اور چھت دھنوئیں سے کالی ہوچکی ہیں ۔ اس کے علاوہ ایک اور ویڈیو سامنے آیا ہے ، جس میں ڈاکٹرس آگ اور دھنوئیں کی وجہ سے بیہوش ہوئے لوگوں کو دوبارہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں ۔
مہاراشٹر کے وزیر نواب ملک نے کہا کہ کورونا وائرس مریضوں کے علاج کے مقصد سے یہ آئی سی یو حال ہی میں بنایا گیا تھا اور آگ لگنے کا یہ واقعہ کافی سنگین معاملہ ہے ۔ وہیں سینئر سرکاری افسران نے نامہ نگاروں سے کہا کہ اس واقعہ کی آفیشیل جانچ کرائی جائے گی ۔