جے پور(آئی این ایس انڈیا)
شہریت ترمیم قانون (سی اے اے) کے خلاف راجستھان حکومت بھی اسمبلی میں تجویز لے کر آئے گی۔اس سے پہلے پنجاب حکومت اور کیرل حکومت بھی اسمبلی میں سی اے اے کے خلاف تجویز لا چکی ہیں۔جمعرات کو راجستھان کے نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ نے اس کا اعلان ہے۔
گہلوت حکومت 24 جنوری سے شروع ہو رہے بجٹ اجلاس کے دوران ایسی تجویز ریاستی اسمبلی میں لانے کا فیصلہ پہلے ہی کر چکی تھی۔نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ نے کہاکہ ہر کسی کو اپنا احتجاج جتانے کا حق ہے، ہماری حکومت بھی شہریت ترمیم قانون کے خلاف اسمبلی میں تجویز لے کر آئے گی ۔
راجستھان کے علاوہ شہریت ترمیم قانون کے خلاف مورچہ کھولنے والی مغربی بنگال حکومت بھی اس کے خلاف تحریک لانے کی تیاری کر چکی ہے۔
ریاست کے پارلیمانی امور کے وزیر پارتھ چٹرجی نے کہا کہ 27 جنوری کو دوپہر دو بجے اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں یہ تجویز لائی جائے گی۔ان کے علاوہ کیرالہ کی بایاں محاذ کی حکومت اور پنجاب کی کانگریس حکومت بھی اس کے خلاف تحریک لا چکی ہے،ان کے علاوہ مہاراشٹر نے بھی سی اے اے کے خلاف اسمبلی میں قرارداد منظور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔