کلیان پور تھانہ پولیس اسٹیشن کے آواس کالونی میں رہنے والی ایک خاتون نے اپنے شوہر پر جوئے میں ہارنے کے بعد خود کو دوستوں کے سامنے پروسنے کا الزام لگایا ہے۔ بیوی کا کہنا ہے کہ اس نے کسی طرح کچن میں چھپ کر اپنی عصمت بچائی۔ متاثرہ نے اس معاملے میں پولیس پر بھی اس کی مدد نہیں کرنے کا الزام لگایا ہے۔
متاثرہ نے بتایا کہ دو دن پہلے اس کا شوہر گھر میں اپنے دوستوں کے ساتھ شراب پی رہا تھا اور جوا کھیل رہا تھا۔ اس دوران سبھی گندی۔گندی باتیں کر رہے تھے۔ جوئے میں داؤ ہارنے کے بعد ملزم شوہر نے دوستوں کو کہا اس کے (بیوی) ساتھ کچھ بھی کرلو تمہیں کچھ نہیں ہوگا۔
خاتون نے کہا کہ اس کے بعد اس کے شوہر کے دوست اس کے کمرے میں گھس آئے اور مار پیٹ کر اس سے زبردستی کرنے لگے۔ اس نے کسی طرح کچن میں چھپ کر اپنی عزت بچائی۔ اس کے بعد اس نے 100 نمبر پر فون کرکے پولیس کو بلایا۔
خاتون کا الزام ہے کہ جس وقت پولیس اس کے گھر پہنچی اس نے خود کو کچن میں ہی بند کر رکھا تھا۔ اس کے کپڑے پھٹے ہوئے تھے۔ اس وقت وہاں اس کے شوہر کے علاوہ اس کے دوست بھی موجود تھے۔ خاتون نے الزام لگایا کہ اس کے کپڑے پھٹے ہونے کی وجہ سے اسے گھر میں رہنے دیا گیا۔
خاتون کا کہنا ہے کہ میری حالت دیکھ کر پولیس کو نہیں لگا کہ میرے ساتھ کیا ہوا ہے۔ اب پولیس اسے شوہر۔بیوی کا جھگڑا بتاکر رفع دفع کرنے میں مصروف ہے۔ خاتون کا کہنا ہے کہ جوئے میں ہارنے کے بعد اس کے شوہر نے اسے ہی داؤ پر لگاکر اپنے دوستوں کے سامنے گینگ ریپ کیلئے چھوڑ دیا۔ متاثرہ خاتون اب انصاف کی گہار لگا رہی ہے۔
اس بارے میں کلیان پور تھانے کے اسٹیشن آفیسر اشونی پانڈے نے کہا کہ اس طرح کا ایک معاملہ سامنے آیا ہے۔ متاثرہ خاتون نے ابھی تک ان سے رابطہ نہیں کیا ہے۔ پولیس کی طرف سے جانچ کی جارہی ہے۔ الزام صحیح پائے جانے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔