بلیا: اترپردیش کے بلیا ضلع کے پھیپھنا علاقے میں ایک خاتون نے اپنے 2بچوں کے ساتھ ٹرین کے آگے کود کر اپنی جان دے دی۔ اس واقعہ میں صرف اس خاتون کی ہی جان نہیں گئی بلکہ اس کے دونوں بچے بھی جائے وقوع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ ایڈیشنل پولس سپرنٹنڈنٹ سنجے کمار نے اس حادثہ کے بارے میں جمعہ کے روز اطلاع دی۔
سنجے کمار نے بتایا کہ بیریا علاقے کے دھجو گری کے میٹھیا کے رہنے والے بینک ملازم دنیش یادو کی اہلیہ 50 سالہ پشپا دیوی اپنے سات سالہ بیٹے ابھشیک، دس سالہ بیٹی شیوانگی اور 12 سالہ ساکشی کے ساتھ پھیپھنا علاقے کے پوہاری گاؤں میں گوپال پانڈے کے مکان میں کرایہ پر رہتی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ پشپا کے شوہر دنیش یادو بینک میو ضلع کے کوپ گنج کے شاخ میں کام کرتے ہیں۔
واقعہ کے بارے میں تفصیل بتاتے ہوئے پولس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ جمعرات دیر شام پشپا اپنے بیٹے اور دونوں بیٹیوں کے ساتھ کھوڑی پاکڑ گاؤں کے سامنے ریلوے ٹریک پر کھڑی ہوگئی۔ ٹرین کو دیکھ کر ساکشی نے کہا کہ ماں ٹرین آرہی ہے، کٹ جائیں گے۔ لیکن پشپا نے کوئی جواب نہیں دیا اور سامنےسےآرہی ٹرین کو دیکھ کر ساکشی ماں سےاپنا ہاتھ چھڑا کر الگ ہوگئی اور پشپا دو بچوں کے ساتھ ٹرین کے آگے کود گئی جس سے ان کی موت ہوگئی۔
سنجے کمار کا کہنا ہے کہ اس واقعہ کے سلسلے میں پشپا کی بیٹی ساکشی سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پشپا کے مائیکے والے بھی آگئے ہیں اوران سے بھی بات ہوئی ہے، لیکن خاتون نے یہ قدم کیوں اٹھایا، اس سلسلے میں ابھی کچھ بھی واضح نہیں ہوسکا ہے۔ پہلی نظر میں پولس کو لگتا ہے کہ یہ میاں بیوی کے درمیان تنازعہ کا معاملہ ہے۔ بہر حال، پولس واقعہ کی چھان بین کررہی ہے۔