وزیر اعظم نریندر مودی تین دن کے دورے پر روس کے ولادی ووستوک پہنچ گئے ہیں۔ یہاں پہنچنے پر روس کے صدر ولادیمیر پوتن اور وزیر اعظم مودی کی دوستی کی جھلک ایک بار پھر سے دکھائی دی۔ ولادی ووستوک کے جویجدا شپ بلڈنگ کمپلیکس میں پہنچنے پر پوتن نے وزیر اعظم مودی کو گلے لگا کر ان کا استقبال کیا۔
دونوں رہنماؤں کی گرمجوشی والی یہ ملاقات کافی اہم مانی جا رہی ہے۔ کشمیر میں حکومت کے تازہ فیصلے کے بعد پوتن اور پی ایم مودی کی یہ پہلی ملاقات ہے۔ روس اس معاملہ پر ہندوستان کو اپنی حمایت پہلے ہی دے چکا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کے دورے کے دوران دونوں ملکوں کے بیچ کئی شعبوں میں معاہدے طئے پا سکتے ہیں۔ وزیراعظم نریندرمودی چھتیس گھنٹے کے روس دورے پر ہیں۔ اس مختصر دورے کے دوران دونوں ملکوں کے بیچ کئی اہم شعبوں میں معاہدہ ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ وزیراعظم نریندر مودی پانچویں ایسٹرن اکنامک فورم اور بیسویں ہند۔ روس سالانہ اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ دونوں ملکوں کو مزید قریب لانے میں یہ دورہ اہم ثابت ہوگا۔
بتایا جارہا ہے کہ وزیراعظم کے دورے کے موقع پرہندوستان اورروس کے درمیان تیل اور گیس کے شعبے میں تعاون کے لیے پنج سالہ خاکہ تیار کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ چنئی سے ولادی ووستوک کو جوڑنے کے لیے سمندری راہ گزرکی تلاش کی جائے گی اوررو س کو،ہنرمند افرادی قوت بھیجنے کے امکانات کی تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ ہندوستان زرعی شعبے میں بھی تعاون کی امید رکھتا ہے اور اس سلسلہ میں اہم معاہدے ہونے کی امید ظاہر کی جارہی ہے۔