دہلی کے ایک اسپتال میں زیرعلاج 11 ماہ کی ننھی معصوم کی کہانی بیحد ہی دلچسپ ہے۔ آپ ویڈیو میں دیکھ سکتے ہیں کہ بچی اسپتال میں بیڈ پر لیٹی ہوئی ہے اور اس کا علاج کیا جا رہا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بچی کس طرح سے اپنی اداؤں سے سرخیوں میں ہے اور علاج و معالجہ کی تکلیفوں کے باوجود اس کی مسکراہٹ برقرار ہے۔ اگر کہا جائے کہ یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے۔ اب آپ یہ سوچ رہے ہوں گے کہ ہم کس رشتے کی بات کر رہے ہیں۔ تو بتا دیں کہ ہم ایک ایسے رشتے کی بات کر رہے ہیں جو 11 ماہ کی چھوٹی سے ننھی پری اور اس کی کھیلنے والی پلاسٹک کی گڑیا کے درمیان ہے۔
یہ چھوٹی سی بچی دہلی کے ایل این جے پی اسپتال میں زیر علاج ہے۔ اس کے ساتھ اس کی گڑیا بھی اسپتال میں ہے۔ بتا دیں کہ جب بچی کو اسپتال لایا گیا تو یہ ننھی معصوم درد سے تڑپ رہی تھی اور کافی رو رہی تھی۔ بچی کا علاج کرنے میں ڈاکٹر بھی پریشان تھے لیکن جب یہ پلاسٹک کی گڑیا اس کے پاس رکھ دی گئی تو یہ بچی مسکرانے لگی۔
واضح رہے کہ 17 اگست کو سوئی ہوئی حالت میں ذکریٰ نام کی یہ بچی بیڈ سے گر گئی تھی اور اس کے پاؤں میں فریکچر ہوگیا تھا جس کے بعد اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ جہاں اس دوران بچی کا رو۔رو کر براحال تھا تبھی اس کی ماں کو یاد آیا کہ ذکریٰ کی گڑیا پری کو اسپتال میں لایا جائے تو ذکریٰ چپ ہوجائے گی اور ہوا بھی ایسا ہی ۔ اس 11 مہینے کی ذکریٰ اور گڑیا کے درمیان ایک انوکھا سا رشتہ ہے ۔ ڈاکٹر بھی بچی کی تکلیف سے کافی پریشان تھے اور اس سوچ میں تھے کس طرح سے اس بچی کا علاج کیا جائے۔ تبھی اس کی گڑیا پری کو دیکھتے ہی بچی روتے روتے مسکرانے لگی۔ ڈاکٹر بھی اس رشتے کو دیکھ کر حیران تھے۔
بتا دیں کہ جو یہ پلاسٹک کی گڑیا ہے اس کا نام پیار سے گھر والوں نے پری رکھا ہے۔ بچی کے اہل خانہ نے بتایا کہ شروع سے ہی ذکریٰ کو اپنی گڑیا سے کافی لگاؤ ہے۔ ساتھ ہی بچی کی ماں نے بتایا کہ جب ذکریٰ کو انجیکشن لگنا تھا تو وہ رونے لگی لیکن ڈاکٹر نے پہلے اس کی پلاسٹک کی گڑیا کو انجیکشن لگایا اور پھر خوشی خوشی مسکراتے ہوئے بچی نے بھی انجیکشن لگوا الیا۔
وہیں ڈاکٹر اجے کمار نے بتایا کہ بچی کے کولہے کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے جس کے ٹھیک ہونے میں ابھی وقت لگے گا۔ لیکن بچی جس طرح سے اپنی گڑیا سے پیار کرتی ہے ایسے میں اس کے علاج میں اس پلاسٹک کی گڑیا نے بچی کی کافی مدد کی ہے۔ بس دعا ہے کہ بچی جلد صحت یاب ہوجائے۔