آئندہ برس شروع ہونے والے دہلی اسمبلی انتخابات سے قبل وزیراعلی اروند کیجریوال نے رائے دہندگان کو لبھانے کے لئے منگل کو ایک اور بڑا فیصلہ کرتے ہوئے راجدھانی کے پانی کے صارفین کا بقایہ بل معاف کرنے کا اعلان کیا۔
کیجریوال نے حال ہی میں ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو مفت بجلی دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ خواتین کو دہلی ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ڈی ٹی سی) اور میٹرو ٹرین سروس میں مفت سفر کا بھی اعلان کرچکے ہیں۔ وزیراعلی نے یہاں پریس کانفرنس میں پانی کے بلوں کو معاف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پانی بل سے بقایہ رقم ہٹا دی گئی ہے اور ایسے صارفین جن کے گھر میں میٹر چالو ہے، ان تمام کو اس اسکیم کا فائدہ ملے گا۔
بقایہ رقم معاف کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کیجریوال نے کہا کہ بقایہ رقم بہت زیادہ ہوگئی تھی۔ پانی صارفین کو بل نظام کے تعلق سے بھی شکایت تھی۔ نئے نظام میں پانچ سات سال پرانے بل بھی لگے نظر آئے اور یہ غلطی حکومت اور عوام دونوں کی ہوسکتی ہے۔
کیجریوال نے کہا کہ حکومت نئی اسکیم کی شروعات کررہی ہے۔ اس کے تحت جن کے گھر وں میں پانی میٹر چالو حالت میں ہے ان کو یہ فائدہ ملے گا۔ یہ اسکیم 30نومبر تک نافذ رہے گی۔ پانی بل معافی کی تفصیلات دیتے ہوئے کیجریوال نے بتایا کہ ای ایف جی اور ایچ زمرہ کے 1769981صارفین کی 31فیصد تک اصل رقم معاف کی جائے گی۔ اے اور بی زمرہ کے صارفین کی لیٹ فیس صد فیصد اور 25فیصد اصل رقم معاف ہوگی۔ سی زمرہ کے صارفین کی لیٹ فیس 100فیصد اور اصل رقم کا پچاس فیصد معاف کیا جائے گا جبکہ ڈی زمرہ میں لیٹ فیس صد فیصد اور اصل رقم کا 75فیصد معاف ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ پانی کے بلوں کی اصل رقم کل ملاکر چار ہزار کروڑ روپے بقایہ ہے۔ ان میں سے ڈھائی ہزار کروڑ روپے گھریلو اور ڈیڑھ ہزار کروڑ روپے پیشہ وارانہ صارفین کے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام صارفین کو خود خط لکھ کر اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لئے حوصلہ افزائی کریں گے۔ انہوں نے امیدظاہر کی کہ دہلی جل بورڈ کو اس اسکیم سے 600 کروڑ روپے حاصل ہوں گے۔