وزیراعظم نریندر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر، وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر دفاع راجناتھ سنگھ سمیت متعدد لیڈروں نے سابق وزیر خزانہ ارون جیٹلی کے انتقال پر اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ مودی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ جیٹلی کے انتقال سے انہوں نے اپنا دوست اور سیاست کا قد آور لیڈر کھو دیا ہے۔ انہیں ہر معاملہ کی گہری سمجھ تھی۔ بی جے پی اور جیٹلی میں اٹوٹ تعلق تھا۔ وہ ہم تمام کو لاتعداد یادوں کے ساتھ چھوڑ کر چلے گئے۔ انہوں نے کئی بڑی ذمہ داریاں ادا کیں۔
مودی ان دنوں بیرون ملک کے دورہ پر ہیں۔ انہوں نے جیٹلی کی بیوی اور بیٹے سے فون پر بات چیت کی اور انہیں ہمت بندھائی۔ جیٹلی کے کنبہ نے وزیراعظم سے بیرون ملک کا سفر جاری رکھنے کی درخواست کی۔ وہیں، امت شاہ نے کہا کہ جیٹلی کے انتقال سے پارٹی نے تنظیم کا بڑا لیڈر اور کنبہ کا اہم رکن کھویا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیٹلی پارٹی کا اثاثہ تھے۔
بی جے پی کے ایکزیکیوٹیو صدر جے پی نڈا نے کہا کہ جیٹلی کے انتقال سے سیاست میں جو خلا پیدا ہوا ہے اسے بھرنا بہت مشکل ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری نے کہا کہ جیٹلی کے انتقال سے صدمہ میں ہوں۔ پورے ملک کو ان کی کمی محسوس ہوگی۔ پورا ملک صدمہ میں ہے۔ فوڈ اور سپلائی کے وزیر رام ولاس پاسوان نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر خزانہ کے طورپر ان کا جو تعاون رہا ہے، اسے ملک ہمیشہ یاد رکھے گا۔ وہ لوک جن شکتی پارٹی کی طرف سے ان کے کنبہ کے اراکین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
وزیر صحت ہرش وردھن نے کہا کہ بیماری کی خبر کے بعد سے ہر وقت ان کی فکر تھی۔ کئی بار ایمس جاکر ان کا حال چال معلوم کیا، ان کا اس طرح جانا نہایت دکھ دینے والا ہے۔ دہلی ہو یا پھر مرکز کی سیاست ایک بڑے بھائی کی طرح انہوں نے ہمیشہ رہنمائی کی۔ ملک نے آج ایک مثالی لیڈر کھو دیا۔
دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر ارون جیٹلی کے انتقال پر گہرے صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے اسے قوم کے لئے بہت بڑا نقصان قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر خزانہ اور سینئر لیڈر ارون جیٹلی جی کا اچانک انتقال ملک کے لئے بہت بڑا نقصان ہے۔ مرکزی وزیر پرہلاد پٹیل نے جیٹلی کے انتقال پر صدمہ ظاہر کرتے ہوئے اسے ملک اور پارٹی کے لئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا اور کہا کہ اس کی کبھی تلافی نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ جیٹلی کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، ان جیسی شخصیت کے لیڈر ملک میں کم ہی ہیں۔
کرناٹک کے سابق وزیراعلی سدا رمیا نے جیٹلی کے انتقال پر صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی روح کو سکون کے لئے دعا کی۔ انہوں نے جیٹلی کے کنبہ اور خیر خواہوں کے ساتھ گہری ہمدردی ظاہر کی۔ سابق مرکزی وزیر اور مدھیہ پردیش کی سابق وزیراعلی اوما بھارتی نے جیٹلی کے انتقال پر دکھ ظاہر کرتے ہوئے اسے ذاتی نقصان قرار دیا اورکہا کہ جیٹلی میرے بڑے بھائی کی طرح تھے اور وہ اب مجھے چھوڑ کر چلے گئے۔ دکھ کے اس وقت میں ان کے کنبہ کے ساتھ میری گہری ہمدردی ہے۔