سابق وزیرمالیات اوربی جے پی کے سینئر لیڈرارون جیٹلی کا آج ہفتہ کے روزطویل بیماری کے بعد دوپہر 12 بج کر 07 منٹ پر نئی دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (ایمس) میں انتقال ہو گیا۔ ارون جیٹلی کو کچھ دنوں پہلے ہی سانس لینے میں دقت کی وجہ سے ایمس میں بھرتی کرایا گیا تھا۔ حالانکہ ڈاکٹروں کی سخت نگرانی کے سبب ان کی صحت مستحکم ہوگئی تھی۔ لیکن گزشتہ دو دنوں سے ان کی حالت پھربگڑگئی، آج دن بھرڈاکٹروں کی ٹیم ارون جیٹلی کی نگرانی کرتی رہی، لیکن اسی دوران انہوں نے آج آخری سانس لی۔
ارون جیٹلی کے انتقال پر پورے ملک میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ وزیراعظم نریندرمودی، صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند، نائب صدرجمہوریہ وینکیا نائیڈو، وزیرداخلہ امت شاہ سمیت بی جے پی اہم لیڈروں نے اظہارتعزیت کرتے ہوئے ارون جیٹلی کی موت پرخراج عقیدت پیش کیا۔ واضح رہے کہ 2019 کے انتخابات کے بعد بی جے پی کو اکثریت ملنے پرکابینی وزیرنہ بنانے کی گزارش کی تھی، جسے وزیراعظم نےقبول کرلیا تھا۔
واضح رہے کہ جیٹلی کی پیدائش 28 دسمبر1952 کونئی دہلی کے نارائن وہارعلاقے کے مشہوروکیل مہاراج کشن جیٹلی کے گھرہوئی۔ انہوں نے نئی دہلی کے سینٹ جیویئراسکول سے ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ شری رام کالج آف کامرس سے جیٹلی نے سال 1973 میں گریجویشن تک کی تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے کامرس کے بعد یہیں سے لا کی بھی پڑھائی کی۔ پڑھائی کے دوران بھی جیٹلی طلبا کی سیاست میں رہے۔ 1974 میں وہ دہلی یونیورسٹی کے طلبہ یونین صدرمنتخب ہوئے۔