پی. چدمبرم کی گرفتاری کے خلاف محاذ کھولتے ہوئے کانگریس کے ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا ہے کہ ’’پی. چدمبرم کی گرفتاری اس لئے ہوئی ہے کیونکہ انہوں نے کھل کر حکومت کی خامیوں کو عوام کے سامنے ظاہر کیا۔ موجودہ حکومت ہر اس آواز کو بند کر نے پر آمادہ ہے جو اس کے خلاف اٹھ رہی ہے‘‘۔ رندیپ سنگھ سرجے والا کی پریس کانفرنس سے واضح ہوگیا کہ کانگریس پی. چدمبر کی گرفتاری کے خلاف کھل کر حکومت کے خلاف لڑائی لڑنے کے موڈ میں ہے۔
سرجے والا نے کہا کہ چدمبرم کا گناہ صرف یہ ہے کہ انہوں نے ملک کی گرتی معیشت پر اپنی آواز اٹھائی۔ انہوں نے کہا کہ اس حقیقت سے سب واقف ہیں کہ مودی حکومت کی دوسری پاری میں معیشت کا برا حال ہے، ہرشعبہ کی صنعتوں میں تالا بندی کی تلوار لٹک رہی ہے، روپے کی قیمت ڈالر کے مقابلہ گر رہی ہے اور ڈالر وزیر اعظم کی عمر کو بھی پار کر گیا ہے، بے روزگاری بڑھ رہی ہے، کسانوں کے ساتھ ساتھ اب سرمائے دار بھی خودکشی کرنے پر مجبور ہیں۔ سرجے والا نے کہا کہ ملک کو درپیش ان سنگین مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے ایسے شخص کو گرفتار کیا جو نہ صرف اقتصادیات کی اچھی سمجھ رکھتا ہے بلکہ ملک کے معروف وکیل ہونے کے ساتھ ساتھ اپنی زندگی کے 40 سال عوام کو دیئے ہیں۔