جموں۔کشمیر سے آرٹیکل 370اور 35اے ہٹائے جانے کے بعد سے ہندستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے درمیان اب دہشت گرد مسعود اظہر نے ہندستان کو دھکمی دی ہے۔ مسعود اظہر نے کہا ہے کہ جموں ۔ کشمیر سے آرٹیکل 370 ہٹانے کے بعد بھی ہندستان اپنے منصوبوں میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکے گا۔ اے این آئی کے مطابق مسعود اظہر کا یہ بیان میسیجنگ ایپ ٹیلی گرام میں سامنے آیا ہے۔
اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق مسعود اظہر نے کہا ہے کہ جس طرح سے کشمیر سے خصوصی ریاست کا درجہ چھین لیا گیا ہے اس سے لگتا ہے کہ ہندستانی حکومت نے اپنی ہار قبول کر لی ہے۔ اظہر نے کہا کہ ہندستان کے اس قدم سے مسلم اپنا حق کھو دیں گے اور ہندستان کے بڑے کاروباری کشمیر میں زمین خرید لیں گے۔ اظہر نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے لوگ ہندستان کے منصوبے کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر نے دعوی کیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کشمیر سے آئینی درجہ چھین کر اچھا نہیں کیا۔ دہشت گرد نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ مجاہدین اپنے مقصد کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ اظہر کا یہ مبینہ پیغام فران جعفری کے نام سے سامنے آیا ہے۔ اس نے کہا ہے کہ کشمیر میں جہاد کا ایک باب پورا ہو گیا ہے۔
دہشت گرد مسعود اظہر نے کہا کہ ہندستان کے وزیر اعظم سوچتے ہیں کہ اگر کشمیر سے خصوصی درجہ ختم ہو جائے گا تو ہندستان کے ہندوسرمایہ کار پورے کشمیر کو خرید لیں گے اور پھر وہ سیاحت اور غلط طریقوں سے پیسہ کمائیں گے جبکہ کشمیری مسلم اپنا وجود کھو دیں گے۔ اظہر نے کہا ، ہندستان کا ایسا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔