پاکستان میں بیٹھے دہشت گرد تنظیم جیش محمد نے ہندوستان میں بڑے حملے کی سازش تیارکی ہے۔ خبرہے کہ جموں وکشمیرمیں دراندازی کرنے کے بعد دہشت گرداحمد آباد پہنچ چکے ہیں اوروہاں حملے کی تیاری کررہے ہیں۔اطلاعات کے مطابق اسی سال 18 مارچ کو جیش محمد کے پانچ دہشت گرد احمد آباد پہنچے، لیکن ان کے بارے میں اب تک زیادہ اطلاعات نہیں مل پائی ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ یہ دہشت گرد کبھی بھی کسی عوامی مقامات کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ یہ دہشت گرد 15 اگست سے قبل گجرات اورمہاراشٹر کے الگ الگ مقامات پرحملے کرسکتے ہیں۔ اس معاملے پرمہاراشٹرکے اسٹیٹ سیکورٹی فورس کے سابق اے ڈی جی پی کے جین کا کہنا ہے کہ دہشت گرد بھیڑ بھاڑ والے علاقوں میں اپنا نشانہ بنائیں گے یا کسی تیوہار کے وقت حادثہ کو انجام دیں گے کیونکہ اس وقت لوگ آسانی سے نشانہ بن جاتے ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق گجرات ہی نہیں ان دہشت گردوں کے نشانے پرمہاراشٹر کے بھی کئی شہرہیں۔ مہاراشٹرمیں گنیش اتسو کے دوران حملہ ہونے کا خطرہ ہے۔ بتایا یہ بھی جارہا ہے کہ یہ دہشت گرد ایک ساتھ مل کرکہیں بھی حملہ نہیں کریں گے۔ بلکہ پانچ الگ الگ مقامات پرپہنچ کرایک ہی وقت میں ایک بڑے دہشت گردانہ آپریشن کو انجام دے سکتے ہیں۔