آج دہلی میں جموں وکشمیر بی جے پی کورگروپ کی میٹنگ ہوئی جس میں جموں وکشمیراسمبلی انتخابات، تنظیمی توسیع، رکنیت مہم اور ریاست کی ترقی کو لے کر غورو خوض کیا گیا۔ میٹنگ کے بعد جموں وکشمیر بی جے پی کے ریاستی صدررویندر رینا نے اسمبلی انتخابات کو لے کرایک بڑا اعلان کردیا اورکہا کہ امرناتھ یاترا کے بعد کبھی بھی ریاست میں اسمبلی انتخابات ہوسکتے ہیں۔
نئی دہلی میں آج شام تقریباً 8 بجے جموں وکشمیر بی جے پی کورگروپ کی میٹنگ بی جے پی دفترمیں شروع ہوئی، جس میں بی جے پی ایگزیکٹیو کمیٹی کے صدرجے پی نڈا، بی ایل سنتوش، رام مادھو، جموں وکشمیر کے بی جے پی انچارج اوینا رائے کھنہ، مرکزی وزیر جتیندرسنگھ، کویندر گپتا، نرمل سنگھ، رکن پارلیمنٹ جگل کشورسمیت تمام لوگ اس میٹنگ میں شامل تھے۔
میٹنگ میں جے پی نڈا نے جموں وکشمیرمیں اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کولے کر ریاست کے لیڈوں سے فیڈ بیک لیا اورجانا کہ پارٹی الیکشن کے لئے کتنی تیارہے۔ اس کے ساتھ ساتھ امرناتھ یاترا کی سیکورٹی، ریاست میں چل رہی رکنیتی مہم کو کیسے اورریاست کے سبھی علاقوں میں جیسے وادی، لداخ اورجموں میں مزید تیزی سے آگے بڑھایا جائے اس پر غوروخوض کیا گیا۔
واضح رہے کہ اس بارکی رکنیتی مہم میں بی جے پی نے اپنے پرانے ارکان کی تعداد ایک لاکھ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اوراس پارٹی کا جوش مزید بڑھ گیا ہے اوراس کے ساتھ ہی پارٹی جشن آزادی کے موقع پر گاوں گاوں جاکر ترنگا لہرانا چاہتی ہے جس سے خاص طورپروادی کے لوگوں میں راشٹرواد کا جذبہ پیدا کیا جاسکے۔