پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ کراچی میں بھی بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں شیخوپورہ ، گوجرہ ،میاں چنوں ، ٹوبہ ٹیک سنگھ،چنیوٹ ، بورے والا ، راجن پور ،جہانیاں ،بارش کے باعث موسم خوش گوار ہوگیا،تاہم بارش کے ساتھ ہی کئی فیڈرز ٹرپ کرگئے جس وجہ سے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی شہر قائد میں صبح سویرے شہر کے مختلف علاقوں میں ابر رحمت برسنے سے موسم خوشگوار ہوگیا ۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی جبکہ کہیں کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ بھی جاری رہا ۔ شہر میں 18 سے 30 کلو میڑ فی گھنٹہ کی رفتار سے جنوب مغربی ہوائیں چلتی ر ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق 27 جولائی سے کراچی میں باقاعدہ مون سون بارشوں کا آغاز ہوجائے گا ۔واضح رہے کہ گذشتہ روز لاہور میں موسلادھار بارش کے بعد سڑکیں تالاب بن گئیں، نشیبی علاقے زیرآب آگئے، جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرناپڑا۔ادھر اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی بارش ہوئی۔اسلام آباد کے ایک گھر کی بیسمنٹ میں پانی بھر جانے سے خاتون اور بچہ جاں بحق جبکہ 6 افراد بے ہوش ہو گئے۔