رانچی (ایم این این) جھارکھنڈ کے گملا میں ایک مرتبہ پھر انسانیت شرمسار ہوئی ہے ۔ گملا ضلع کے سسائی تھانہ حلقہ میں واقع نگر پچکاری گاوں میں چار سن رسیدہ افراد کا لاٹھی اور ڈنڈوں سے پیٹ پیٹ کر قتل کردیا گیا ہے ۔ اس واقعہ کو نامعلوم افراد نے انجام دیا ۔ اس بات کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ڈائن – بساہی بتا کر ان افراد کا قتل کیا گیا ہے۔
مرنے والوں میں دو خواتین اور دو مرد شامل ہیں ۔ چامپا اوراؤں (62) اور ان کی اہلیہ پھیری اوراؤں (60) کے علاوہ سنا اوراؤں (65) اور پھگني دیوی (62) کا قتل کیا گیا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق ڈائن – بساہی کے شبہ میں گزشتہ رات تقریبا ایک بجے 10 سے 12 لوگوں نے چامپا کے گھر پر حملہ بول دیا اور ایک ایک کرکے چاروں کو گاوں کے چبوترے پر لے گئے اور قتل کردیا ۔
اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر جھارکھنڈ پولیس کے ایس پی انجنی کمار جھا ، انسپیکٹر بیجو اوراوں ، ایس ڈی پی او دیپک کمار ، سسائی تھانہ انچارج سدھیر پرساد ساہو جائے واقعہ پر پہنچے ۔ فی الحال لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا گیا ہے اور قصوواروں کی گرفتاری کیلئے تلاش تیز کردی گئی ہے ۔
بتایا جارہا ہے کہ مقتولین اوجھا تھے اور جھاڑپھونک کا کام کرتے تھے ۔ اسی کی بنیاد پر انہیں ڈائن اور بساہی بتاکر موت کے گھاٹ اتار دیا ۔ حالانکہ بتایا جارہا ہے کہ واردات کے بعد صبح جائے واقعہ کے پاس پٹاخے پھوڑے جانے کی بھی آوازیں سنی گئیں ۔