ایران نے امریکا کی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے جاسوسوں کے نیٹ ورک کو پکڑنے کا دعویٰ کرتے ہوئے 17 مشتبہ افراد کو قید کرلیا جبکہ چند کو سزائے موت بھی سنادی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق تہران میں کاؤنٹر انٹیلی جنس کے سربراہ نے ایرانی وزارت انٹیلی جنس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایرانی سیکیورٹی اداروں نے 18 جولائی کو سی آئی اے کے خفیہ نیٹ ورک کو پکڑا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘گرفتار افراد میں سے چند کو سزائے موت سنادی گئی ہے اور چند طویل مدت کے لیے قید کرلیے گئے ہیں’۔
سرکاری نشریاتی ادارے پر نشر ہونے والے وزارت انٹیلی جنس کے بیان کے مطابق ان افراد کو مارچ کے مہینے میں ایرانی سال کے اختتام پر گرفتار کیا گیا تھا۔
ایرانی میڈیا نے کچھ تصاویریں شائع کیں جن میں سی آئی اے کے افسران کو دکھایا گیا جو مبینہ طور پر گرفتار جاسوسوں سے رابطے میں تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ایران نے اعلان کیا تھا کہ اس نے سی آئی اے کے جاسوسوں کے نیٹ ورک کا خاتمہ کردیا ہے۔
تاہم یہ بات ابھی تک واضح نہیں کہ آج ہونے والا اعلان اس ہی کیس سے منسلک ہے یا نہیں۔