گوہاٹی :
آسام اور بہار شدید سیلاب کی زدمیں ہے اور دونوں صوبوں میں اب تک دو درجن سے زائد افرادکے جاں بحق ہوجانے کی خبر ہے ۔
آسام کا ڈھبری ضلع بھی شدید سیلاب کی زد میں ہے اور روزمرہ کی زندگی وہاں متاثر ہوچکی ہے ۔ پانی لوگوں کے گھروں میں پہونچ گیا ہے ۔ ڈھبری لوک سبھا سے ایم پی اور آل انڈیا یونائٹیڈ ڈیمو کریٹک فرنٹ کے قومی صدر مولانا بدرالدین اجمل نے گذشتہ دنوں سیلاب متاثرہ علاقوں کا کشتی کے ذریعہ دورہ کیا ۔اور دور درواز علاقوں میں جاکر متاثرین کی امداد کی اور ضلع انتظامیہ سے تمام ضروری قدم اٹھانے کیلئے اپیل کی ۔
ملت ٹائمز سے فون پر بات کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ مولانا بد رالدین اجمل نے کہاکہ آسام ہر سال سیلاب سے متاثرہوتاہے اور یہی یہاں کی پسماندگی کی بنیادی وجہ ہے ۔اس بارے میں مرکزی سرکار سے متعدد مرتبہ ہم اپیل کرچکے ہیں ، بار بار پارلیمنٹ میں یہ مسئلہ اٹھاچکے ہیں لیکن سرکار مسلسل اسے نظر انداز کررہی ہے اور آسام میں سیلاب کے سدباب کیلئے سرکار کوئی بھی عملی اقدام نہیں اٹھارہی ہے ۔