بی جے پی کے قومی ترجمان سید شاہنوازحسین نے بالی ووڈ اداکارہ زائرہ وسیم کے فلم انڈسٹری (فلمی دنیا) چھوڑنے پربیان دیا ہے۔ شاہنوازحسین نے کہا کہ زائرہ وسیم نے یہ قدم دباومیں اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں ایسی کوئی پابندی نہیں ہے۔حالاں کہ سید شہنواز حسین نے یہ نہیں بتایاکہ کس کے دباﺅ میں زائرہ و سیم نے یہ قدم اٹھایاہے ۔
واضح رہے کہ عامرخان کے ساتھ ‘دنگل’ سے اپنے کیریئرکی شروعات کرنے والی زائرہ وسیم نے فلم انڈسٹری چھوڑنے کااعلان کردیاہے۔ اس کا اعلان انہوں نے سوشل میڈیا پرایک طویل پوسٹ لکھ کرکیا ہے۔ ان کا کہنا ہےکہ اس فیلڈ میں مجھے بے حد پیار، ساتھ اورتعریف ملی، لیکن یہ مجھے غفلت کی راہ پربھی لے جارہی تھی۔ یہ مجھے میرے ایمان سے دورکررہا ہے۔ میرے مذہب کے ساتھ میرے رشتوں کوخطرہ پہنچا رہا تھا۔
وہیں شاہنواز حسین نے ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ نصرت جہاں پرفتوے پربھی سوال اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی تہذیب میں ایک دوسرے کی روایت کو اپنایا جاتا ہےاورسندورلگانا سہاگ کی نشانی ہے۔
یہ واضح رہے کہ نصرت جہاں کے بارے میں کسی بھی طرح کا کوئی فتوی جاری نہیں کیاگیاہے ۔ ایک فرضی خبر ہے جس کی بنیاد پر شہنواز حسین نے اپنی رائے پیش کی ہے ۔ملت ٹائمز کے مطابق یہ فرضی خبر بی جے پی کے آئی ٹی سیل سے ہی نشر ہوئی ہے ۔ خود نصرت جہاں بھی فتوی کے بار ے میں تردید کرچکی ہے کہ اس نے اس طرح کا کوئی فتوی نہیں سناہے اور نہ دیکھاہے ۔