وک سبھا انتخاب کے نتیجے آنے میں ابھی 2 دن باقی ہیں۔ لیکن اس سے پہلے ہی تقریباً سبھی نیوز چینلوں نے نریندر مودی کو دوبارہ وزیر اعظم بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔ سبھی نیوز چینلوں نے آخری مرحلہ کی ووٹنگ کے دن جو ایگزٹ پول دکھائے ان میں بی جے پی اور این ڈی اے کو اکثریت ملتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ لیکن سابق بی جے پی لیڈر اور نائب صدر جمہوریہ ونکیا نائیڈو نے اس ایگزٹ پول پر سوالیہ نشان لگائے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایگزٹ پول کے نتیجے صحیح نہیں ہوتے۔
نائب صدر جمہوریہ نے ایگزٹ پول کو مسترد کرتے ہوئے اس کی تاریخ کا حوالہ دیا ہے۔ ونکیا نائیڈو کا کہنا ہے کہ 1999 کے بعد سے جتنے بھی ایگزٹ پول ہوئے ہیں وہ زیادہ تر غلط ہی ثابت ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ نتیجہ آنے سے پہلے سبھی امیدوار اپنے آپ کو جیتا ہوا ہی مانتا ہے۔
ونکیا نائیڈو نے آج کے سیاسی لیڈروں پر بھی سوال اٹھائے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آج کے سیاسی دور میں لیڈران اپنی انکساری بھولتے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ لیڈروں کی تقریروں میں کافی زیادہ نفرت نظر آجاتی ہے۔ ایسا لگتا ہے جیسے وہ ایک دوسرے کے دشمن بن گئے ہیں۔ لیکن ایک لیڈر دوسرے لیڈر کا دشمن نہیں ہوتا ہے، وہ صرف ایک دوسرے کے حریف ہوتے ہیں۔