سعودی عرب میں رمضان المبارک کی آمد آمد ہے۔ سعودی مملکت میں ہر سال رمضان کے موقع پر خاص انتظامات کیے جاتے ہیں۔ کیونکہ حج کے بعد فرزندانِ توحید کا سب سے بڑا اجتماع رمضان المبارک کے موقع پر ہوتا ہے۔ اس دوران لاکھوں کی تعداد میں معتمرین سعودی عرب کا رُخ کرتے ہیں۔ اتنی بڑی تعداد میں موجود زائرین کو سحری و افطاراور زیارت سے متعلق سہولتیں فراہم کرنا ایک چیلنج سے کم نہیں ہوتا۔اس بار بھی خادمین حرمین شریفین کی جانب سے بھرپور انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ روزہ کی حالت میں لاکھوں زائرین کو مذہبی فرائض کی ادائیگی کے دوران کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ حرمین شریفین کی انتظامیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ مسجد الحرام اورمسجد نبوی دونوں مقامات پر زائرین اور عبادت گزاروں کو 24 گھنٹے خدمات فراہم کی جائیں گی۔
اس مقصد کے لیے پانچ ہزار سے زائد خدمت گار حرمین شریفین میں تعینات کیے گئے ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر زائرین کو 300 ٹن آبِ زم زم مہیا کریں گے۔ مسجد نبوی میں روزانہ مشہور علمائے دِین کی جانب سے خصوصی وعظ دیئے جائیں گے۔ مسجد نبوی کی لائبریری 24 گھنٹے کھُلی رہے گی۔ جہاں اُنہیں نماز اور اُن کی مذہبی زیارت کے حوالے سے خصوصی کتابچے مفت میں فراہم کیے جائیں گے ۔ جبکہ یہاں آنے والے زائرین کو اُن کی اپنی زبان میں قرآن مجید پڑھنے کی سہولت بھی میسر ہو گی۔ مختلف زبانوں میں موجود قرآن مجید کے یہ تراجم کِنگ فہد گلوریئس قرآن پرنٹنگ پریس کی جانب سے شائع کیے گئے ہیں۔