گجرات بی جے پی کے نائب صدر اور سابق رکن اسمبلی جینتی بھانوشالی نے عصمت دری کا الزام عائد ہونے کے بعد اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔
خواتین کی حفاظت پر بڑے بڑے وعدے کرنے والی بی جے پی کے ایک بڑے لیڈر پر عصمت دری جیسا سنگین الزام لگایا گیا ہے۔ سورت کی ایک لڑکی نے یہ الزام بی جے پی کے نائب صدر جینتی بھانو شالی پرعائد کیا ہے۔ الزام عائد ہونے کے بعد بی جے پی رہنما جینتی بھانوشالی نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔ پولس نے معاملہ کی جانچ شروع کر دی ہے۔
سورت کی رہنے والی ایک 21 سالہ لڑکی نے گجرات بی جے پی کے نائب صدر جینتی بھانوشالی پر سورت کے پولس کمشنر کو تحریری شکایت پیش کر کے عصمت دری کا الزام عائد کیا ہے۔
انگریزی روزنامہ انڈین ایکسپریس کے مطابق چار صفحات پر مشتمل شکایت کو کپودرا پولس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ آگے کی جانچ کی جا سکے۔ شکایت کے مطابق متاثرہ لڑکی 2017 میں بھانوشالی کے رابطہ میں آئی تھی۔ اس وقت وہ 12 ویں کلاس پاس کرنے کے بعد ایک فیشن ڈیزائنگ کورس کرنے کی خواہشمند تھی اور کسی اچھے کالج میں داخلہ لینے کی کوشش کررہی تھی۔ لڑکی کا دعوی ہے کہ بھانوشالی نے اسے یقین دہانی کرائی تھی کہ اسے احمد آباد کے کسی کالج میں داخلہ دلوا دیں گے۔ شکایت کے مطابق، گذشتہ سال نومبر میں بھانوشالی نے اسے احمدآباد بلایا اور کار سے گھاندھی نگر لے کرگئے۔ شکایت دہندہ کا الزام ہے کہ راستے میں کار ایک سنسان مقام پر لے گئے اور اس کی ساتھ عصمت دری کی۔