این ایس یو آئی کے کارکنان نے ملک بھر میں سڑکوں پر اترکر بھاجپا کے صدر امت شاہ کے خلاف جام کر نعرے بازی کی ،این ایس یو آئی نے بھاجپا کے صدر شاہ پر قتل، بدعنوانی اور اقتدار کے غلط استعمال کا الزام لگاتے ہوئے 100 اضلاع میں ایف آئی آر کی درخواستیں پیش کیں۔ 3 جولائی کو قومی راجدھانی دہلی سمیت ملک کے 28 صوبوں میں این ایس یو آئی کارکنان نے نعریبازی کی۔دہلی میں کانگریس کی رہنما اور این ایس یو آئی کی سربراہ روچی گپتا کی قیادت میں این ایس یو آئی کارکنان پارلیمنٹ اسٹریٹ تھانہ پہنچے۔ انہوں نے امت شاہ کے خلاف نعرے بازی کی اور ایس ایچ او کو ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست پیش کی۔ ایس ایس یو آئی کارکنان اس دوران پلے کارڈ لئے ہوئے تھے جن پر بی جے پی صدر کے خلاف نعرے لکھے ہوئے تھے۔اس موقع پر این ایس یو آئی کارکنان نے کہا کہ امت شاہ ملک کے نوجوانوں، خواتین، سماجی کارکنان، ججوں اور اقلیتوں میں خوف پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی نے مختلف واقعات کے ملزم امت شاہ کو ملکی صدر بنایا ہوا ہے۔ این ایس یو آئی نے کہا کہ گجرات میں وزیر داخلہ کے عہدے پر رہتے ہوئے امت شاہ نے اقتدار کا فائدہ اٹھایا اور آج بھی برسراقتدار جماعت کے صدر کی حیثیت سے اس کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔
این ایس یو آئی نے الزام عائد کیا کہ امت شاہ نے گجرات کا وزیر داخلہ رہتے ہوئے 26 نومبر 2005 کو آئی پی ایس ڈی جی ونجارا کو سہراب الدین شیخ کا فرضی انکاؤنٹر کرنے کا حکم دیا۔ اس معاملہ میں انہیں ملزم بنایا گیا تھا۔ اس کے علاوہ ریاست کی وزارت داخلہ میں رہتے ہوئے ان پر ایک خاتون کی جاسوسی کرنے کا بھی الزام ہے۔اتنا ہی نہی سہراب الدین معاملہ کی سماعت کر رہے سی بی آئی کے خصوصی جج بی ایچ لویا کی یکم دسمبر 2014 کی رات پونے میں پراسرار موت ہو گئی تھی۔ اس معاملہ میں جج لویا کے خاندان کا الزام تھا کہ جج لویا نے سیاسی دباؤ کی بات کی تھی۔ علاوہ ازیں 8 نومبر 2016 کو نافذ ہوئی نوٹ بندی کے دوران احمد آباد کے کوآپریٹیو بینک میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں پائی گئیں، اس وقت امت شاہ اس بینک کے ڈائریکٹر تھے۔این ایس یو آئی کارکنان نے کہا کہ کئی سنگین معاملات میں امت شاہ ملزم ہیں اس کے باوجود ابھی تک ان پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ طلبہ رہنماؤں نے بی جے پی صدر امت شاہ کو ملک کے امن و سکون کے لئے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے پولس انتظامیہ سے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔