دہلی حکومت اور مرکزی حکومت میں ایک بار فر ان بن چل رہی ہے، دہلی حکومت نے الزام لگایا ہے کہ افسران مرکزی حکومت کے اشارہ پر ہی کام نہیں کر رہے ہیں۔
اسی کو لیکر دہلی کے وزیر اعلی اپنے تین وزراء کے ساتھ لیفٹیننٹ گورنر کے گھر پر دھرنے پر بیٹھے ہیں. دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین جو وزیر اعلی کے ساتھ دھرنے پر بیٹھے ہیں ان کی طبعیت بگڑنے کے بعد ان کو اسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے ، جہاں ڈاکٹر ان کی صحت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ یہ اطلاع دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ٹوئٹ کر کے دی ہے۔
واضح رہے گزشتہ پیر کی شام سے دہلی کے وزیر اعلی اپنے تین وزراء کے ساتھ ایل جی ہاؤس میں دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں اور منگل سے ستیندر جین بھوک ہڑتال پر ہیں اور بدھ کے روز سے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا بھوک ہڑتال پر ہیں ۔ دھرنے پر بیٹھے وزیر اعلی اور ان کے ساتھی ایل جی سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ مداخلت کر کے دہلی آئی اے ایس افسران کی جاری ہڑتال ختم کروائیں تاکہ دہلی کا کام متاثر نہ ہو۔ ادھر آئی اے ایس افسران کا کہنا ہے کہ نہ تو وہ ہڑتال پر ہیں اور نہ کسی کام میں رکاوٹ بن رہے ہیں بس چیف سیکریٹری کے ساتھ19 فروری کی رات کو جو مبینہ ہاتھا پائی ہوئی تھی اس کے خلاف وہ لنچ اوقات میں پانچ منٹ کے لئے بطور احتجاج خاموشی اختیار کرتے ہیں اور اگر کسی میٹنگ میں ان کو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہاں اکیلے جانے میں ان کو کوئی خطرہ ہے تو وہ وہاں جانے سے گریز کرتے ہیں لیکن کام نہیں رکنے دیتے۔