گرمی سے راحت پانے کے لئے تلاب میں نہانے گئے تھے دلت لڑکے ،جب گاؤں کے اعلیٰ ذات کے لوگوں کو اس بات کی خبر لگی تو موقع پر پہنچے لوگوں نے دلت لڑکوں کی پٹائی کی اور انہیں برہنہ کرکے گاؤں میں گھمایا۔
مہاراشٹر کے جلگاؤں میں انسانیت کو شرمسار کر دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، یہاں دو دلت لڑکوں کو گاؤں کے تالاب میں نہانے کی سزا دی گئی، انہیں پیٹا اور برہنہ کرکے گھمایا گیا، افسران نے جمعرات یعنی 14 جون کو یہ معلومات دی، یہ واقعہ 10 جون، اتوار کا ہے۔ جلگاؤں کے وكاڑی گاؤں میں لڑکوں کو برہنہ کرکے گھمائے جانے کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ یہ لڑکے گرمی سے راحت حاصل کرنے کے لئے گاؤں کے تالاب میں نہانے کے لئے گئے تھے، ان کی عمر 12 سے 14 سال کے درمیان ہے، جب لڑکوں کے تالاب میں نہانے کے بارے میں گاؤں کے لوگوں کو پتہ چلا تو بڑی تعداد میں لوگ موقع پر جمع ہو گئے اور لڑکوں کو تالاب سے باہر نکلنے کو کہا۔ اس میں اعلی ذات کے لوگ بھی شامل تھے، لڑکوں کے تالاب سے نکلنے کے بعد کچھ لوگوں نے ان کے کپڑے اتارنے کے لئے مجبور کیا اور پھر ان کی پٹائی کی اور گاؤں میں برہنہ کرکے گھمایا۔ اس واقعہ کے بعد لڑکوں کے گھر والوں نے مقامی پولس میں اس کی شکایت درج کرائی، اور اب متاثرین کے اہل خانہ پر گاؤں کے با اثر لوگ شکایت واپس لینے کا دباؤ بنا رہے ہیں۔