راہل گاندھی نے مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سرکار ملک کے امیر لوگوں کے لئے کام کر رہی ہے، اور امیروںلوگوں کا تو لاکھوں کروڑ روپے کا قرض معاف کر دیاہے لیکن غریبوں کی کوئی سنوائی نہیں ہو رہی ہے۔
اپوزیشن اتحاد کی تنقید کرنے والی بی جے پی کو کانگریس صدر راہل گاندھی نے سخت پیغام دیا ہے، ممبئی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کانگریس صدر نے کہا کہ عظیم اتحاد صرف سیاست نہیں بلکہ یہ عوام کے جذبات ہیں ، انہوں نے کہا، ’’پورا اپوزیشن پی ایم مودی، بی جے پی اور آر ایس ایس کے خلاف کھڑا ہو رہا ہے۔ یہ جذبات صرف سیاسی لوگوں کے نہیں ہیں بلکہ یہ جذبات عوام میں بھی موجود ہیں ، یہ سوال عوام کے اندر بھی ہے کہ جس طرح سے وزیر اعظم اور ان کی پارٹی بی جے پی ملک کے آئینی اداروں پر حملہ کر رہے ہیں، اس کو روکنے کی ضرورت ہے۔ بی جے پی کے خلاف اٹھ رہی آوازوں کو کانگریس پارٹی دیگر پارٹیوں کو جوڑنے کا کام کر رہی ہے اور دوسری پارٹیاں بھی اس میں لگی ہوئی ہیں‘‘۔
راہل گاندھی نے مودی حکومت پر شدید حملہ بولتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت ملک کے امیر لوگوں کے لئے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’امیروں کا لاکھوں کروڑ روپے کا قرض مودی حکومت نے معاف کردیا ہے، لیکن ملک میں غریبوں کی کوئی سنوائی نہیں ہو رہی ہے‘‘۔