اتر پردیش میں ایک بار کچھ خاص عمارتوں کے نام بدلنے کی آواز اٹھ رہی ہے بیریا سے بھاجپا کے ممبر اسمبلی سریندر سنگھ کا کہنا ہے کہ ملک کی جتنی بھی عمارتوں اور روڈ کے نام مسلم بادشاہوں کے نام پر رکھے گئے ہیں ان سبھی عمارتوں کے نام بدلکر محب وطن ہستیوں کے نام کر دینا چاہیے۔
اتر پردیش میں بلیا ضلع کے بیریا سے بی جے پی ممبر اسمبلی سریندر سنگھ نے ایک بار پھر متنازعہ بیان دیا ہے۔ انھوں نے ملک میں مسلم حکمرانوں کے نام پر بنی عمارتوں اور روڈ کے نام بدلنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بی جے پی ممبر اسمبلی نے کہا کہ تاج محل کا نام رام محل یا کرشن محل کر دینا چاہیے۔ اسی طرح وکٹوریا پیلس کا نام جانکی پیلس یا پاروتی پیلس کر دینا چاہے۔ انھوں نے کہا کہ اورنگ زیب روڈ، ہمایوں روڈ اور اکبر روڈ کے نام بھی بدلے جانے چاہئیں۔بی جے پی ممبر اسمبلی نے کہا کہ ’’ملک میں عمارتوں اور روڈ کے جتنے بھی نام مسلم بادشاہوں کے نام پر رکھے گئے ہیں سبھی کو تبدیل کیا جانا چاہیے۔ ان عمارتوں کا نام محب وطن ہستیوں کا نام پر رکھے جانا چاہیے۔ اکبر، بابر، اورنگ زیب کی جگہ سابق صدر جمہوریہ اے پی جے عبدالکلام اور عبدالحمید جیسے نام ہونے چاہئیں۔‘‘
سریندر سنگھ نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ مغل سرائے جنکشن کا نام بدل کر پنڈت دین دیال اپادھیائے جنکشن کیا جانا یک مناسب قدم ہے۔ میڈیا کے ذریعہ یہ پوچھے جانے پر کہ نام بدلنے سے کیا فرق پڑتا ہے، انھوں نے کہا کہ نام بدلنے سے انسان کی تہذیب بدل جاتی ہے۔