گورکھپور میں وزیر اعلیٰ کی قیام گاہ گورکھ ناتھ مندرسے محض نصف کلو میٹر کی دوری پر کچھ نہ معلوم بدمعاشوں نے ڈاکٹر کفیل کے بھائی کاشف جمیل کو تین گولیاں ماریں
آکسیجن کمی کی وجہ سے بڑی تعداد میں بچوں کی اموات کے لئے مشہور بی آر ڈی میڈیکل کالج کے شعبۂ اطفال کے ترجمان واین ایچ ایم کے نوڈل افسر رہے ڈاکٹر کفیل احمد خان کے چھوٹے بھائی کاشف جمیل کو اتور کی شب تقریباً ساڑھے دس بجے گورکھ ناتھ علاقے میں گولی مار دی گئی۔ دو حملہ آوروں نے ان پر تین گولیاں چلائیں جس سے وہ بری طرح زخمی ہو گئے۔ زخمی کاشف کا مقامی اسٹار نرسنگ ہوم میں علاج چل رہا ہے۔ فی الحال ڈاکٹر ان کی حالت کے بارے میں کچھ بھی کہنے سے بچ رہے ہیں۔ وہیں پولس معاملے کی تفتیش میں مصروف ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ریاست کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اتوار کی شام دو روزہ دورہ پر اپنے ہوم ڈسٹرکٹ گورکھپور پہنچے ہیں اور جس جگہ ڈاکٹر کفیل کے بھائی کو گولی ماری گئی وہ وزیر اعلیٰ کی قیام گاہ گورکھ ناتھ مندر سے محض نصف کلو میٹر دوری پر ہے۔ اس لحاظ سے سیکورٹی انتظامات کی بھی قلعی کھل رہی ہے کہ وزیر اعلیٰ کی گورکھپور میں موجودگی کے باوجود بدمعاش اپنے عزائم میں کامیاب ہورہے ہیں۔