امریکہ میں ’کوانٹیکو‘ کی تازہ قسط میں دہشت گردی کے ایک واقعہ کو پیش کرتے ہوئے ہندوستان قوم پرست یعنی ایک ہندو کو دہشت گردی کی ایک سازش میں شامل دکھایا گیا ہے جسے لیکر وہاں مقیم ہندوستانی اس بات کو لے کر سخت ناراضگی ظاہر کر رہے ہیں ۔ واضح رہے کہ ’کوانٹیکو‘ ایک امریکی تفریحی پروگرام ہےاس تفریحی پروگرام میں ہندوستان کی معروف اداکارہ پرینکا چوپڑا مرکزی کردار میں ہیں ۔
امریکہ میں مقیم ہندوستانیوں کے اس غصہ پر یہ بھی سوال کھڑا ہوتا ہے کہ اگر ایک تفریحی پروگرام میں بھی کسی خاص مذہب کو دہشت گرد کی شکل میں پیش کیا جائے تو کتنی تکلیف ہوتی ہے اور اس کو غلط ٹھہرانے کے لئے اگر کسی دوسرے مذہب کے لوگوں کے بارے میں یہ کہا جائے کہ دہشت گرد تو صرف و ہی ہوتے ہیں تو کیا اس سے اس مذہب کے لوگوں کو تکلیف نہیں ہوتی۔ تفریحی پروگرام حقیقت پر مبنی نہیں ہوتے بلکہ ایک کہانی ہوتی ہے لیکن اس کہانی پر رد عمل کے اظہار میں اگر کوئی کسی دوسرے مذہب کو بدنام کرتا ہے اور کہتا ہے کہ صرف مسلمان ہی دہشت گرد ہوتے ہیں تو اس کو کوئی صحیح ذہن والا تو قبول نہیں کرسکتا۔